امریکا کا بھی سویلین کے ملٹری ٹرائل پر اظہار تشویش

یورپی یونین اور برطانیہ کےبعد امریکا نے بھی سویلین کے ملٹری ٹرائل پر گہری تشویش کا اظہار کرتےہوئے کہا ہےکہ ان فوجی عدالتوں میں عدالتی آزادی، شفافیت اور مناسب طریقہ کار کی ضمانتوں کا فقدان ہے۔
امریکی محکمہ خارجہ نے کہا ہےکہ اسے اس بات پر گہری تشویش ہےکہ 9 مئی 2023 کو کیےگئے احتجاجی مظاہروں میں ملوث ہونےپر ایک فوجی ٹریبونل نے پاکستانی شہریوں کو سزا سنائی ہے،ان فوجی عدالتوں میں عدالتی آزادی، شفافیت اور مناسب طریقہ کار کی ضمانتوں کا فقدان ہے۔
بیان میں کہاگیا ہےکہ امریکا پاکستانی حکام پر زور دیتا ہےکہ وہ پاکستان کے آئین کےمطابق منصفانہ ٹرائل کے حق کا احترام کریں، پاکستانی دفتر خارجہ کی جانب سے مغربی دارالحکومتوں کےکسی بھی بیان پر فوری طور پر کوئی رد عمل سامنے نہیں آیا۔
اس سے قبل برطانیہ نے پاکستان میں سانحہ 9 مئی میں ملوث 25 مجرمان کو فوجی عدالتوں سے دی جانے والی سزاؤں پر ردعمل دیتے ہوئے کہا ہےکہ فیصلے میں شفافیت اور منصفانہ ٹرائل کا فقدان ہے۔
برطانوی دفتر خارجہ کا کہنا تھاکہ برطانیہ پاکستان کی خودمختاری اور قانونی عمل کا احترام کرتا ہے، فوجی عدالتوں میں سویلینز کا ٹرائل شفافیت،آزادانہ جانچ پڑتال اور منصفانہ ٹرائل کےحق کو مجروح ہوتا ہے۔
بیان میں مزید کہاگیا تھاکہ برطانیہ، حکومت پاکستان سے سیاسی اور شہری حقوق کی عالمی ذمہ داریوں کی پاسداری کا مطالبہ کرتا ہے۔
خیال رہےکہ گزشتہ روز یورپی یونین نے بھی فوجی عدالت کی جانب سے 25 شہریوں کو دی جانے والی حالیہ سزاؤں پر تشویش کا اظہار کرتے ہوئے کہا تھاکہ ان فیصلوں کو ان ذمہ داریوں سے متصادم دیکھا جارہا ہے، شہری اور سیاسی حقوق کے بین الاقوامی معاہدے (آئی سی سی پی آر) کے تحت، پاکستان جن کا پابند ہے۔
یورپی یونین کے ترجمان نے کہا تھاکہ آئی سی سی پی آر کے آرٹیکل 14 کے مطابق ہر شخص کو ایسی عدالت میں منصفانہ اور عوامی ٹرائل کا حق حاصل ہے جو آزاد، غیر جانبدار اور مجاز ہو اور اسے مناسب اور موثر قانونی نمائندگی کا حق حاصل ہو۔
یورپی یونین کے ترجمان کے مطابق ’آرٹیکل 14 یہ بھی پابند کرتا ہے کہ فوجداری مقدمے میں دیا گیا کوئی بھی فیصلہ منظر عام پر لایا جائے گا۔‘
واضح رہے کہ پاک فوج کے شعبہ تعلقات عامہ نے 21 دسمبر کو فیلڈ جنرل کورٹ مارشل کی جانب سے پہلے مرحلےمیں سانحہ 9 مئی کے 25 ملزموں کو سزا سنانے کا اعلان کیاتھا۔
ترجمان پاک فوج کے مطابق 9 مئی 2023 کو قوم نے سیاسی طور پر بھڑکائے گئے اشتعال انگیز تشدد اور جلاؤ گھیراؤ کے افسوسناک واقعات دیکھے، 9 مئی کے پرتشدد واقعات پاکستان کی تاریخ میں سیاہ باب رکھتے ہیں،مجرمان ک خلاف ناقابل تردید شواہد اکٹھے کیےگئے۔
برطانیہ کافوجی عدالتوں سے25شہریوں کی سزاؤں پرردعمل سامنےآگیا
آئی ایس پی آر سےجاری بیان میں کہاگیاکہ 9 مئی کی سزاؤں کا فیصلہ قوم کےلیے انصاف کی فراہمی میں ایک اہم سنگ میل ہے، 9 مئی کی سزائیں اُن تمام لوگوں کےلیے ایک واضح پیغام ہیں جو چند مفاد پرستوں کے ہاتھوں استحصال کا شکار ہوتے ہیں۔
ترجمان پاک فوج کا کہنا تھا کہ سیاسی پروپیگنڈےاور زہریلے جھوٹ کا شکار بننے والے لوگوں کےلیے یہ سزائیں تنبیہ ہیں کہ مستقبل میں کبھی قانون کو ہاتھ میں نہ لیں۔
