9 مئی مقدمات میں شفاف ٹرائل اور ناقابل تردید شواہد موجود ہیں:وفاقی وزیر اطلاعات

وفاقی وزیر اطلاعات عطا تارڑ نے تحریک تحفظ آئین پاکستان کے اعلامیے کو غیر سنجیدہ اور مضحکہ خیز قرار دیتے ہوئے کہا ہے کہ 9 مئی کے مقدمات میں شفاف ٹرائل ہوا، جس کے دوران ناقابلِ تردید شواہد عدالت میں پیش کیے گئے۔

ایک بیان میں عطا تارڑ کا کہنا تھا کہ جب مسلم لیگ (ن) نے حکومت سنبھالی تو ملک ڈیفالٹ کے دہانے پر تھا۔ تحریک انصاف کے رہنما اس وقت یہ شرطیں لگا رہے تھے کہ پاکستان کب دیوالیہ ہوگا۔
اب وہی لوگ جانتے ہیں کہ تاریخ میں پہلی مرتبہ کرنٹ اکاؤنٹ سرپلس ہوا ہے، زرمبادلہ کے ذخائر میں نمایاں اضافہ ہوا ہے، مہنگائی میں کمی آئی ہے، پیٹرولیم مصنوعات کی قیمتیں کم ہوئی ہیں، اور ملک میں سرمایہ کاری کا رجحان بڑھ رہا ہے۔

انہوں نے مزید کہا کہ اسٹاک ایکسچینج میں مسلسل بہتری آ رہی ہے، جو اس بات کا ثبوت ہے کہ سرمایہ کار ملکی معیشت پر اعتماد کا اظہار کر رہے ہیں۔

 وزارت داخلہ کاکام ویزاجاری کرنانہیں،وزارت داخلہ کی علیمہ خان کے دعویٰ کی تردید

عطا تارڑ کا کہنا تھا کہ اپوزیشن کے پاس نہ کوئی پالیسی ہے نہ وژن؛ وہ محض تنقید برائے تنقید کر رہے ہیں۔ ان کا بیانیہ پرانا اور فرسودہ ہو چکا ہے، جو ذہنی افلاس کی نشانی ہے۔ ایسی حرکات سے پوری قوم کو گمراہ کرنے کی کوشش کی جا رہی ہے، جو قابلِ افسوس ہے۔

وزیر اطلاعات نے زور دے کر کہا کہ 9 مئی کے مقدمات میں انصاف کے تمام تقاضے پورے کیے گئے۔ ملزمان کے خلاف ٹھوس اور ناقابلِ تردید ثبوت موجود ہیں۔
انہوں نے کہا کہ اپوزیشن کے پاس 9 مئی کے واقعات کا کوئی جواب نہیں، اسی لیے وہ بے بنیاد پریس کانفرنسوں کے ذریعے عوام کو گمراہ کرنے کی ناکام کوشش کر رہے ہیں۔

Back to top button