پنجاب میں جادو ٹونے نہیں، محنت سے کام کر رہے ہیں، مریم نواز کی مخالفین پر تنقید

وزیراعلیٰ پنجاب مریم نواز نے تحریک انصاف پر کڑی تنقید کرتے ہوئے کہا ہے کہ پنجاب میں جادو ٹونے نہیں بلکہ محنت اور عملی اقدامات سے ترقی ہو رہی ہے۔
راولپنڈی میں ایک تقریب سے خطاب کرتے ہوئےمریم نوازنے کہا کہ شہر میں صفائی ستھرائی، ترقیاتی منصوبوں اور ٹرانسپورٹ سروسز کا بہتر ہوتا نظام دیکھ کر خوشی ہوئی۔ ان کا کہنا تھا کہ میٹرو، الیکٹرک بسیں اور دیگر سہولتیں مسلم لیگ (ن) کی جانب سے عوام کے لیے تحفہ ہیں، ترقیاتی منصوبوں کی بروقت تکمیل حکومت کی ترجیح ہے۔
مریم نواز نے کہا کہ ن لیگ ہمیشہ عوامی فلاح کو ترجیح دیتی ہے، ملک بھر میں ترقیاتی منصوبوں کا جال مسلم لیگ (ن) کی کارکردگی کا ثبوت ہے۔ راولپنڈی سمیت پنجاب کے مختلف شہروں میں الیکٹرک بس سروس کا آغاز کیا گیا ہے، جبکہ ہر شہری ہمارے لیے یکساں اہمیت رکھتا ہے۔
وزیراعلیٰ پنجاب نے کہا کہ مسلم لیگ (ن) کی حکومت آتی ہے تو ملک ترقی کی طرف بڑھتا ہے، موٹر ویز ہوں یا بڑے منصوبے، سب ن لیگ کے دور کی پہچان ہیں۔ ان کا کہنا تھا کہ مخالفین بھی ہمارے کاموں کا اعتراف کرتے ہیں، شہری 20 روپے سے زیادہ کرایہ ادا کیے بغیر سفر کر سکتے ہیں، 60 سال سے زائد عمر کے افراد اور خواتین کے لیے مفت سروس موجود ہے۔
انہوں نے کہا کہ 1100 الیکٹرک بسیں جلد پنجاب کی سڑکوں پر چلیں گی، جبکہ صحت کے شعبے میں اصلاحات جاری ہیں۔ صوبے کے ہر شہر میں جدید اسپتال قائم کیے جا رہے ہیں، مریضوں کو معیاری علاج اور مفت ادویات فراہم کی جا رہی ہیں، راشن کارڈ کے ذریعے مستحقین کی مدد بھی جاری ہے۔
وزیراعلیٰ نے بتایا کہ طلبہ کے لیے مفت سفر، اسکالرشپس اور اسکولوں میں نئے کمرے و فرنیچر کی فراہمی حکومت کی تعلیم دوست پالیسی کا حصہ ہے۔ اسموگ پر قابو پانے کے لیے جدید اقدامات کیے گئے، جبکہ سیوریج اور صاف پانی کے منصوبے بھی تیزی سے مکمل کیے جا رہے ہیں۔
مریم نواز کے مطابق زرعی شعبے میں بہتری کے لیے گرین ٹریکٹر اسکیم اور کسان کارڈ متعارف کروائے گئے ہیں، خلافِ قانون قبضوں کے خاتمے اور کاروبار کے لیے آسان قرضوں کی فراہمی بھی جاری ہے۔
انہوں نے مزید کہا کہ پاکستان کا پہلا سرکاری کینسر اسپتال تکمیل کے قریب ہے اور دیہات میں شہری سہولتیں فراہم کی جا رہی ہیں۔ آخر میں انہوں نے کہا کہ ترقی محنت سے ہوتی ہے، جادو ٹونے سے نہیں، کچھ لوگوں نے سیاست میں سالوں ضائع کیے اور کام نہ کرکے صرف بدتہذیبی کا کلچر دیا۔
