دہشتگردوں کیلئےکسی قسم کی گنجائش نہیں ہونی چاہیے،پی ٹی آئی

پاکستان تحریک انصاف نے واضح کیا ہے کہ سیاسی اختلافات اپنی جگہ لیکن دہشتگردی اور دہشتگردوں کے لیے کسی قسم کی گنجائش نہیں ہونی چاہیے، اس ناسور کے خلاف متحد ہونا ناگزیر ہے۔

پاکستان تحریک انصاف کے مرکزی سیکریٹری اطلاعات شیخ وقاص اکرم نے نجی ٹی وی سے گفتگو کرتے ہوئے کہاکہ ان کی آڈیو کو بلاوجہ متنازع بنا دیا گیا ہے، حالانکہ اس میں کوئی قابلِ اعتراض بات موجود نہیں۔ ان کا کہنا تھا کہ یہ تاثر دینے کی کوشش کی گئی کہ انہوں نے سہیل آفریدی پر الزام عائد کیا، تاہم پارٹی کی وضاحت کے بعد یہ پروپیگنڈا ناکام ہو گیا۔

انہوں نے واضح کیاکہ سہیل آفریدی کو پارٹی کی مکمل حمایت حاصل ہے کیونکہ بانی پی ٹی آئی عمران خان نے ہی انہیں وزیرِ اعلیٰ مقرر کیا تھا۔

شیخ وقاص اکرم کا کہنا تھا کہ وزیرِ اعلیٰ خیبرپختونخوا کی حمایت کا مطلب یہ نہیں کہ پارٹی کے اندر کسی معاملے پر گفتگو نہیں ہو سکتی۔

انہوں نے کہا کہ پارٹی کے اندر مختلف گروپس میں باہمی تبادلہ خیال ہوتا رہتا ہے۔

ان کے مطابق اگر کوئی بات واقعی غلط ہوتی تو وہ کھلے عام سامنے لاتے، جبکہ پارٹی چیئرمین بیرسٹر گوہر کی جانب سے آڈیو کے حوالے سے دی گئی وضاحت درست ہے۔

 

Back to top button