اپوزیشن سےغیرمشروط سیاسی مذاکرات ہونےچاہئیں،سعدرفیق
حکمران جماعت پاکستان مسلم لیگ(ن)کےمرکزی رہنما اور سابق وفاقی وزیر خواجہ سعد رفیق نے قومی اسمبلی میں اپوزیشن اورحکومتی رہنماؤں کے بیانات کو ہوا کا تازہ جھونکا قرار دیتےہوئے کہا ہے کہ سول نافرمانی اور دو طرفہ دھمکیاں مؤخر کرکے غیرمشروط سیاسی مذاکرات ہونے چاہئیں۔
پاکستان مسلم لیگ (ن)کےرہنما خواجہ سعدرفیق نے کہا کہ آج اسپیکر چیمبر قومی اسمبلی میں مختلف سیاسی اکابرین سےملاقات ہوئی اور سیاسی ڈائیلاگ کی دستک سنائی دے رہی ہے۔ہرمتعلقہ شخص سیاسی درجہ حرارت میں کمی اور پیچیدہ مسائل کو بات چیت کےذریعے حل کرنےکاخواہاں نظرآیااور قومی اسمبلی میں شیرافضل مروت، خواجہ آصف اورراناثنااللہ خان کی تقاریر تازہ ہوا کے جھونکے محسوس ہوئے۔
سعد رفیق کا کہنا تھا کہ دعا ہے کہ دانش اورتدبراپنایا جائے، راستے کھولنا، بند کرنے سے بہتر ہے اور بات چیت کرنا ہے تو اسےغیرمشروط ہونا چاہیے اور فریقین کو ہر موضوع پر کُھل کر بات کرنی چاہیے۔
سابق وزیر خواجہ سعد رفیق نے کہا کہ سول نافرمانی کا الٹی میٹم، دو طرفہ دھمکیاں، سختیاں اور گالی گلوچ کچھ عرصے کیلئےمؤخر ہو سکیں تو بات چیت شروع ہو سکتی ہے۔انہوں نے کہا کہ بلوچستان کی بلوچ بیلٹ، خیبر پختونخواہ کے قبائلی علاقوں اور آزاد کشمیر کو تمام سیاسی اور ریاستی اسٹیک ہولڈرز کی فوری توجہ درکار ہے۔