ورلڈکپ سے پہلےٹیم میں کوئی تبدیلی نہیں ہوگی،سلمان علی آغا

پاکستان ٹی ٹوئنٹی کے کپتان سلمان علی آغا نے ورلڈ کپ سے پہلے قومی سکواڈ میں تبدیلی کومسترد کردیا۔
سلمان علی آغا کا کہنا ہے کہ میرا نہیں خیال کہ ورلڈ کپ سے قبل کوئی بڑی تبدیلی ہوگی، ٹیم کا یہی کمبی نیشن ہوگا، سب کھلاڑیوں کو رولز دے دیے ہیں اور اسی رولز کے ساتھ آگے بڑھیں گے، ٹی ٹوئنٹی ورلڈ کپ سے قبل 6 میچز باقی ہیں جن میں ہمیں تسلسل کے ساتھ کھیلنا ہو گا۔
قومی کپتان کا کہنا ہے کہ ہم 6 میچز میں کوئی بڑی تبدیلی نہیں کر سکتے، ہم نے گزشتہ 6 ماہ ان ہی کھلاڑیوں کے ساتھ کھیلا ہے اور رزلٹ آنا شروع ہو گئے ہیں۔
سلمان علی آغا نے کہا کہ میں چاہتا ہوں کہ 2026 میں ہم ٹی ٹوئنٹی اور پھر 2027 میں ون ڈے ورلڈ کپ جیتیں۔
سلمان علی آغا نے کہا کہ یہ دونوں ورلڈ کپ جیتنا میرے خواب ہیں، اگر پورے ہو جائیں تو بہت خوش ہوں گا، ابھی تک تو ٹی ٹوئنٹی ورلڈکپ پاکستان ٹیم میری کپتانی میں ہی کھیلے گی، سینئر کھلاڑیوں کو سری لنکا کی پچز کا اندازہ ہ جبکہ نئے کھلاڑیوں کو ورلڈ کپ سے قبل سری لنکا سیریز کا فائدہ ہو گا۔
انہوں نے مزید کہا کہ ورلڈکپ سے قبل سری لنکا کے خلاف سیریز ہمارے لیے فائدہ مند ہو گی، ہم اس کو سنجیدہ لیں گے، میں سمجھتا ہوں پاکستان ٹیم درست ٹریک پر آچکی ہے لیکن بہتری کی ابھی بھی ضرورت ہے۔
سلمان علی آغا نے کہا کہ جہاں لوگ اور ہم دیکھنا چاہتے ہیں وہاں جلد پاکستان ٹیم پہنچ جائے گی، 6 ماہ میں ہم نے ٹی ٹوئنٹی ورلڈ کپ کو سامنے رکھ کر تیاری کی ہے، ابھی ٹی ٹوئنٹی ورلڈکپ سے قبل ہمارے 6 میچز باقی ہیں، اس میں مزید بہتر کرنے کی کوشش کریں گے۔
