رمضان بازاروں میں کوالٹی پر کوئی سمجھوتہ نہیں ہوگا :چیف کمشنر اسلام آباد

 

 

وفاقی دارالحکومت اسلام آباد میں رمضان المبارک کے دوران شہریوں کو بہتر سہولیات کی فراہمی، سستی اور معیاری اشیاء خوردونوش کی دستیابی کو یقینی بنانے کیلئے انتظامات کو حتمی شکل دی جا رہی ہے۔ اس سلسلے میں چیف کمشنر اسلام آباد و چیئرمین سی ڈی اے محمد علی رندھاوا کی زیر صدارت ایک اہم اجلاس منعقد ہوا جس میں رمضان بازاروں، قیمتوں کے کنٹرول اور دیگر انتظامی امور کا تفصیلی جائزہ لیا گیا۔

اجلاس میں ڈپٹی کمشنر اسلام آباد عرفان نواز میمن، چیف آفیسر ایم سی آئی ڈاکٹر انعم فاطمہ سمیت ضلعی انتظامیہ اور سی ڈی اے کے سینئر افسران نے شرکت کی۔ اجلاس کے دوران رمضان المبارک میں رمضان بازاروں کے قیام، اشیائے خوردونوش کی سرکاری نرخ پر فراہمی اور انتظامی اقدامات پر تفصیلی بریفنگ دی گئی۔

چیف کمشنر اسلام آباد و چیئرمین سی ڈی اے محمد علی رندھاوا نے ہدایت کی کہ رمضان بازاروں میں بہترین انتظامات، اشیاء کی اعلیٰ کوالٹی اور سرکاری نرخ پر دستیابی کو ہر صورت یقینی بنایا جائے۔ انہوں نے واضح کیا کہ معیار پر کسی قسم کا سمجھوتہ برداشت نہیں کیا جائے گا۔

بریفنگ میں بتایا گیا کہ رمضان المبارک کے دوران شہر بھر میں مختلف مقامات پر تقریباً 7 رمضان بازار قائم کیے جائیں گے جبکہ اسلام آباد کے 3 ہفتہ وار بازاروں کو بھی رمضان بازاروں میں تبدیل کیا جائے گا۔ اس کے علاوہ بہارہ کہو، پاکستان ٹاؤن ایکسپریس وے اور ترنول کے مقامات پر بھی رمضان بازار قائم کیے جائیں گے۔ ان اقدامات کا مقصد شہریوں کو کم قیمت اور معیاری اشیاء کی فراہمی کو یقینی بنانا ہے۔

مزید بتایا گیا کہ رمضان بازاروں میں کیش اینڈ کیری اور مختلف کمپنیوں کے اسٹالز لگائے جائیں گے جبکہ رمضان کے آخری عشرے میں عید الفطر کے موقع پر چاند بازار بھی منعقد کیا جائے گا۔

چیف کمشنر اسلام آباد نے ہدایت کی کہ تمام رمضان بازاروں کو کیش لیس بنایا جائے تاکہ شہریوں کو ڈیجیٹل ادائیگی کی سہولت میسر آ سکے۔ انہوں نے رمضان بازاروں کی صفائی، خوبصورتی اور منظم ماحول کو یقینی بنانے پر بھی زور دیا۔

چیئرمین سی ڈی اے نے اسسٹنٹ کمشنرز اور مجسٹریٹس کو ہدایت کی کہ وہ رمضان بازاروں اور منڈیوں کے باقاعدہ دورے کریں اور رمضان المبارک سے قبل تمام ضروری تعمیر و مرمت اور دیکھ بھال کا کام مکمل کیا جائے۔

محمد علی رندھاوا نے مزید کہا کہ رمضان بازاروں میں آرگینک اشیاء کی فروخت کیلئے مخصوص اسٹالز بھی قائم کیے جائیں گے اور صارفین کی شکایات کے فوری ازالے کیلئے مؤثر نظام وضع کیا جائے گا۔

انہوں نے اوقاف کی مساجد اور امام بارگاہوں کی دیکھ بھال اور سیکیورٹی انتظامات مکمل کرنے کی ہدایت دیتے ہوئے کہا کہ فیصل مسجد اور دیگر مساجد کو رمضان المبارک میں خصوصی لائٹس سے روشن کیا جائے۔ اس کے علاوہ شہر کے اسپورٹس گراؤنڈز میں شہریوں کیلئے صحت مند سرگرمیوں اور کھیلوں کا بھی اہتمام کیا جائے گا۔

چیئرمین سی ڈی اے کے مطابق ان تمام اقدامات کا مقصد رمضان المبارک کے دوران اسلام آباد کے شہریوں کو زیادہ سے زیادہ سہولیات فراہم کرنا ہے۔

WhatsApp Image 2026 01 24 at 2.37.38 PM 2 WhatsApp Image 2026 01 24 at 2.37.38 PM 1 WhatsApp Image 2026 01 24 at 2.37.38 PM WhatsApp Image 2026 01 24 at 2.37.37 PM

 

Back to top button