تیسرا ون ڈے،پاکستان نےجنوبی افریقہ کو جیت کیلئے 309 رنز کا ہدف دیدیا
پاکستان نے جنوبی افریقہ کو تیسرے ون ڈے انٹرنیشنل میں 309 رنز کا ہدف دے دیا۔
جنوبی افریقہ کے شہر جوہانسبرگ میں پروٹیز کپتان ٹیمبا باووما نے ٹاس جیت کر باؤلنگ کا فیصلہ کیا،بارش کے باعث میچ کو 47 اوورز فی اننگز تک محدود کیا گیا ہے۔
پاکستان کی جانب سے اننگز کا آغاز صائم ایوب اور عبداللہ شفیق نے کیا، عبداللہ شفیق مسلسل تیسرے میچ میں بغیر کوئی رن بنائے آؤٹ ہوئے تاہم صائم ایوب نے اپنی شاندار فارم کو جاری رکھا اور سینچری اسکور کی، انہوں نے 13 چوکوں اور 2 چھکوں کی مدد سے 94 گیندوں پر 101 رنز کی شاندار اننگز کھیلی۔
یہ 22 سالہ بیٹر کیون ڈے کریئر کی تیسری اور سیریز کی دوسری سینچری اسکور تھی۔
پاکستان کی جانب سے بابر اعظم 52، کپتان محمد رضوان 53 اور نائب کپتان سلمان علی آغا نے 48 رنز اسکور کیےجبکہ ٹیم میں شامل ہونے والے مڈل آرڈر بیٹر طیب طاہر نے 28 رنز اسکور کیے، جنوبی افریقہ کی جانب سے کگیسو رباڈا نے 3 اور مارکو جانسن نے 2 کھلاڑیوں کو پویلین کی راہ دکھائی۔
قومی ٹیم میں 3 تبدیلیاں کی گئی ہیں، گرین شرٹس کی جانب سے سفیان مقیم ڈیبیو کریں گے جبکہ مڈل آرڈر بلے باز طیب طاہر اور فاسٹ باؤلر محمد حسنین بھی ٹیم میں شامل ہیں، حارث رؤف، عرفان خان اور ابرار احمد آج کے میچ میں آرام کررہے ہیں۔
پنک ڈے ون ڈے انٹرنیشنل میں جنوبی افریقہ کی ٹیم کو پاکستان کیخلاف وائٹ واش کا چیلنج درپیش ہے، پروٹیز کرکٹ ٹیم بریسٹ کینسر کے خلاف اگاہی مہم پھیلانے کے لیے پنک ڈے میچ کا انعقاد کرتی ہے جس میں مہمان ٹیم نے گلابی رنگ کی وردی زیب تن کی ہوتی ہے۔
پاکستان کے پلیئنگ الیون میں محمد رضوان (کپتان)، بابر اعظم، صائم ایوب، عبداللہ شفیق، کامران غلام، سلمان علی آغا، طیب طاہر، سفیان مقیم، شاہین شاہ آفریدی، نسیم شاہ، محمد حسنین شامل ہیں۔
جنوبی افریقہ کے پلیئنگ الیون میں ٹیمبا باووما (کپتان)، ایدن مارکرم، ٹونی ڈی زورزی، ڈیوڈ ملر، راسی وینڈر ڈوسن، ہنرک کلاسن، مارکو جانسن، بیورن فورچون،کیوین مافاکا، کوربن بوسک، کگیسو رباڈا شامل ہیں۔
واضح رہے کہ پاکستان کرکٹ ٹیم 10 دسمبر سے 7 جنوری تک جنوبی افریقہ کے دورے میں 3 ٹی20، 3 ون ڈے اور 2 ٹیسٹ میچز کھیلے گی۔
پاکستان اور جنوبی افریقہ کے مابین پہلا ون ڈے 17 دسمبر کو کھیلا گیا جب کہ ٹیسٹ میچز بالترتیب 26 دسمبر اور 3 جنوری کو سنچورین اور کیپ ٹاؤن میں شروع ہوں گے۔