9مئی کے کیسز میں سزاپانےوالےمظلوم نہ بنیں معافی مانگیں،راناثنا

وزیراعظم کے مشیررانا ثنا اللہ نے کہا ہے کہ ریاست پاکستان کے خلاف کسی بھی قسم کی مخالفت برداشت نہیں کی جائےگی، سزا پانے والے مظلوم بننے کے بجائے اپنی غلطیوں پر معافی مانگیں۔
فیصل آباد میں عوامی اجتماع سے خطاب کرتے ہوئے راناثنااللہ نے کہاکہ مسلم لیگ ن کا بنیادی منشور خدمت کی سیاست ہے، جس کی بنیاد میاں نواز شریف نے 40 سال قبل رکھی تھی۔
وزیراعظم کے مشیرنے کہاکہ میاں نواز شریف نے سیاست میں عوامی خدمت، ترقی اور فلاح کا کلچر متعارف کرایا، اور فیصل آباد میں چلڈرن اسپتال، یونیورسٹیز اور دیگر ترقیاتی منصوبے اس کا عملی نمونہ ہیں۔
رانا ثنا اللہ نے اس بات کا اعادہ کیا کہ اگرچہ الیکشن میں شکست کا سامنا ہوا، مگر پارٹی نے عوام کی خدمت کا عمل جاری رکھا، کیونکہ مسلم لیگ (ن) کا مقصد اقتدار حاصل کرنا نہیں، بلکہ بلا تفریق عوام کے مسائل کا حل کرنا ہے۔
انہوں نے کہاکہ مخالفین نے سوشل میڈیا کے ذریعے نفرت، گالی گلوچ اور جھوٹے مقدمات کا سہارا لے کر سیاسی انتقام کا کلچر پیدا کیا، جس کا اثر بچوں پر بھی پڑا اور وہ مخالفین کے خلاف نعرے لگانے لگے۔
رانا ثنا اللہ نے اپنی ذاتی مثال دیتے ہوئے بتایا کہ انہوں نے خود ایک جھوٹے مقدمے کا سامنا کیا جس میں انہیں سزائے موت کی دھمکی دی گئی، لیکن انہوں نے صبر اور قانون کی حکمرانی پر یقین رکھتے ہوئے 6 سے 7 ماہ جیل میں گزارے اور ان مشکلات کا سامنا کیا۔
انہوں نے کہاکہ مکافاتِ عمل ایک حقیقت ہے اور جو لوگ غلط کام کرتے ہیں انہیں اس کا انجام بھگتنا پڑتا ہے، لہٰذا سزا پانے والے افراد کو مظلوم بننے کے بجائے اپنی غلطیوں پر معافی مانگنی چاہیے۔
