اسلام آباد پرچڑھائی کرنیوالوں سےسختی سے نمٹیں گے،احسن اقبال کی وارننگ

وفاقی وزیر برائے منصوبہ بندی و ترقی احسن اقبال نے کہا ہے کہ پی ٹی آئی نے ہمیشہ جلاؤ گھیراؤ کی سیاست کی، اب اگر کسی نے اسلام آباد پر چڑھائی کی کوشش کی تو حکومت سختی سے نمٹے گی۔
احسن اقبال کی نجی ٹی وی سے گفتگو
وزیر منصوبہ بندی احسن اقبال کا نجی ٹی وی سے گفتگو کرتے ہوئے کہنا تھا کہ تحریک انصاف کو سڑکوں پر افراتفری پھیلانے کے بجائے پارلیمنٹ میں آنا چاہیے۔ حکومت نے بڑی محنت سے ملک میں معاشی صورتحال کو کنٹرول کیا، مہنگائی 38 فیصد سے 7 فیصد پر آچکی ہے، غیرملکی سرمایہ کار آرہے ہیں، لیکن تحریک انصاف چاہتی ہے کہ ایسا نہ ہو۔
پی ٹی آئی نے انتخابات کو تسلیم کرکے حلف لیا،احسن اقبال
احسن اقبال نے کہاکہ پی ٹی آئی نے انتخابات کو تسلیم کرتے ہوئے حلف اٹھایا اور ان کے ارکان اسمبلی مراعات لے رہے ہیں۔ہمیں قومی مسائل پر مل جل کر ایک ایجنڈا تشکیل دینا چاہیے، اگر ہم تقسیم رہیں گے تو پھر مسائل حل نہیں ہوسکتے۔
عمران صرف فوج سے بات کرناچاہتےہیں،وفاقی وزیر
وفاقی وزیر نے کہاکہ عمران خان سیاسی جماعتوں کے بجائے فوج سے بات کرنا چاہ رہے ہیں، اور کئی بار اس خواہش کا اظہار بھی کرچکے ہیں۔پی ٹی آئی سی پیک فیز ٹو کو روکنا چاہتی ہے، یہ نہیں چاہتے ملکی معیشت بہتر ہو اور عام آدمی خوشحال ہو۔احسن اقبال نے کہا کہ پہلے پی ٹی آئی نےامریکی غلامی نامنظور کا نعرہ لگایا اور اب پی ٹی آئی کی پوری قیادت امریکی صدر اور سینیٹرز کے دروازوں پر سجدہ ریز ہے۔2017 میں نواز شریف کو ایک سازش کے تحت وزارت عظمیٰ سے نااہل کیا گیا تھا۔
واضح رہے کہ عمران خان نے 25نومبر کو اسلام آباد میں دھرنا دینے کااعلان کررکھا ہے۔تحریک انصاف کی جانب سے کارکنوں کو متحرک کرنے کیلئے اقدامات کئے جارہے ہیں۔
