سڈنی میں ہزاروں افرادفلسطینوں کے حق میں سڑکوں پرنکل آئے

آسٹریلیا کے شہر سڈنی میں شدید بارش کے باوجود ہزاروں افراد نے غزہ میں امن اور امداد کی فراہمی کے مطالبے کے لیے مارچ کیا۔

احتجاج کو منتظمین نے "مارچ برائے انسانیت” کا نام دیا۔ مارچ کے متعدد شرکاء نے غزہ کے محصور شہریوں سے یکجہتی کے اظہار کے لیے برتن اور پتیلیاں اٹھا رکھی تھیں، تاکہ بھوک کی علامت پیش کی جا سکے۔

شرکاء میں بزرگ افراد سے لے کر بچوں والے خاندان تک شامل تھے، بہت سے افراد فلسطینی پرچم تھامے ہوئے تھے اور نعرے لگا رہے تھے: "ہم سب فلسطینی ہیں”۔ مظاہرین میں وکی لیکس کے بانی جولیان اسانج بھی شریک تھے۔

نیو ساوتھ ویلز پولیس کے مطابق مارچ میں تقریباً 90 ہزار افراد شریک ہوئے، جب کہ منتظم فلسطین ایکشن گروپ سڈنی نے دعویٰ کیا کہ یہ تعداد 3 لاکھ تک ہو سکتی ہے۔

مارچ سے قبل نیو ساوتھ ویلز پولیس اور ریاستی حکام نے مظاہرے کو روکنے کی کوشش کی، سکیورٹی خدشات اور ٹرانسپورٹ میں خلل کا حوالہ دیا گیا، تاہم ریاست کی سپریم کورٹ نے ہفتے کے روز مارچ کی اجازت دے دی۔

قائم مقام ڈپٹی پولیس کمشنر پیٹر مک کینا کے مطابق، ایک ہزار سے زائد پولیس اہلکار تعینات کیے گئے تھے۔ انہوں نے کہا کہ ہجوم کی بڑی تعداد کے باعث رش میں کچلے جانے کے خدشات پیدا ہو گئے تھے، لیکن خوش قسمتی سے کوئی ناخوشگوار واقعہ پیش نہیں آیا۔

Back to top button