نئی دہلی کی اسمبلی کو بم دھماکے سے اُڑانے کی دھمکی

بھارت کے دارالحکومت نئی دہلی کی ہائی سیکیورٹی علاقے میں واقع اسمبلی ہال بھی محفوظ نہیں رہی جس سے مودی سرکار کی ناقص کارکردگی کھل کر سامنے آگئی۔
بھارتی میڈیا کے مطابق نئی دہلی میں سکیورٹی خدشات اس وقت بڑھ گئے جب دہلی اسمبلی کو بم دھماکے سے اُڑانے کی دھمکی اسپیکر کو ای میل کے ذریعے دی گئی۔
دہلی اسمبلی کے سپیکر وجیندر گپتا نے اس دھمکی آمیز ای میل کو انٹیلی جنس اور سیکیورٹی اداروں کے ساتھ شیئر کیا۔
ای میل میں دھمکی دینے والے نے اپنا تعلق خالصتان نیشنل آرمی سے بتایا اور اپنے مطالبات بھی سامنے رکھے۔
جس کے بعد قانون نافذ کرنے والے اداروں کو فوری طور پر الرٹ کر دیا گیا اور اسمبلی ہال کی تلاشی لی گئی۔
دہلی اسمبلی کی جانب سے سوشل میڈیا پلیٹ فارم ایکس پر جاری بیان میں کہا گیا ہے کہ اسمبلی کی حفاظت کے لیے ضروری اقدامات کیے جا رہے ہیں۔
سپیکر وجیندر گپتا نے سیکیورٹی سے مطالبہ کیا کہ دھمکی آمیز ای میلز کے ماخذ کا سراغ لگا کر ذمہ دار عناصر کو شناخت کیا جائے اور اسمبلی و اسپیکر کو لاحق ممکنہ خطرات کا مؤثر تدارک کیا جائے۔
یہ واقعہ ایسے وقت میں سامنے آیا ہے جب حالیہ دنوں میں نئی دہلی کے مختلف حساس مقامات کو بھی اسی نوعیت کی دھمکیاں موصول ہو چکی ہیں۔
اس سے قبل دارالحکومت کے علاقے دھولا کوان میں واقع آرمی پبلک سکول اور لودھی روڈ پر قائم ایئر فورس بال بھارتی سکول کو بھی بم دھماکے کی ای میلز موصول ہوئی تھیں۔
سیکیورٹی ذرائع کے مطابق ان واقعات کے بعد دارالحکومت میں نگرانی مزید سخت کر دی گئی ہے جبکہ سائبر کرائم اور انٹیلی جنس یونٹس دھمکیوں کے پیچھے موجود عناصر تک پہنچنے کے لیے مشترکہ تحقیقات کر رہے ہیں۔
تاحال بھارتی سیکیورٹی فورسز اور انٹیلی جنس ادارے ایڑی چوٹی کا زور لگانے کے باوجود ای میل بھیجنے والے کا سراغ لگانے میں ناکام ثابت ہوئے ہیں۔
