میں نے عامر لیاقت کو بطور سیڑھی استعمال نہیں کیا؟

معروف اداکارہ طوبیٰ انور نے اپنا کیرئیر بنانے کی خاطر ڈاکٹر عامر لیاقت سے شادی کو بطور سیڑھی استعمال کرنے کے الزام کو رد کرتے ہوئے کہا ہے کہ وہ تو عامر سے خلع لینے کے بعد اداکاری کے میدان میں آئیں۔ طوبیٰ انور نے 2018 میں خاموشی سے عامر لیاقت سے شادی کی تھی، تاہم 2022 میں انہوں نے تشدد کے الزامات لگا کر عامر سے خلع لے لی تھی، خلع کے کچھ ہفتوں بعد عامر لیاقت نے دانیہ ملک نامی لڑکی سے تیسری شادی کر لی تھی۔ لیکن ان کی تیسری اہلیہ نے بھی شادی کے تین مہینے بعد ہی خلع کا دعویٰ دائر کر دیا تھا۔ اس دوران جون 2022 میں عامر لیاقت شدید ذہنی دباؤ میں آنے کے بعد اچانک انتقال کر گئے تھے۔

طوبیٰ انور نے پہلے کبھی بھی اپنی شادی اور طلاق کے معاملے پر کھل کر کوئی بات نہیں کی، لیکن ایک یوٹیوبر کو دیئے گئے انٹرویو میں انہوں نے تسلیم کیا کہ جب ان کی عامر لیاقت سے شادی ہوئی تب وہ کم عمر تھیں اور انہیں بہت ساری باتوں کا درست علم نہیں تھا۔ ان کے مطابق انہوں نے اگر کسی سے تعلقات استوار کیے اور کسی سے خاموشی سے شادی کی تو اس میں دوسروں کو کوئی مسئلہ نہیں ہونا چاہئے تھا۔

ان کا کہنا تھا کہ ہم دونوں نے اپنی مرضی سے خاموشی سے شادی کی، طوبیٰ انور نے انکشاف کیا کہ ان کی شادی خفیہ تھی لیکن اس کی خبر لیک ہونے کے بعد ان کے لیے مسائل پیدا ہونا شروع ہوئے اور انہیں جان سے مارنے کی دھمکیاں دی گئیں۔ انہوں نے گفتگو میں اپنے سابق شوہر عامر لیاقت کا نام لینے سے گریز کرتے ہوئے کہا کہ وہ اس شادی کے لیے بہت زیادہ جذباتی ہو گئی تھیں اور انہیں اس بات کا احساس نہیں تھا کہ انہیں شادی کے بعد بدنامی اور تضحیک بھی برداشت کرنی پڑے گی۔ اداکارہ کے مطابق انہیں شادی کرنے کے بعد قتل سمیت ریپ کی دھمکیاں بھی دی گئیں، ان پر یہ الزامات بھی لگائے گئے کہ انہوں نے پیسوں اور شہرت کی خاطر شادی کی جوکہ انتہائی نامناسب اور غلیظ الزامات ہیں۔

طوبیٰ انور نے واضح کیا کہ وہ اچھے خاندان سے تعلق رکھتی ہیں، ان کے والدین معاشی طور پر خود مختار ہیں اور انہیں پیسوں کی کبھی کوئی ضرورت نہیں رہی، طوبیٰ نے واضح کیا کہ ان کے پاس ہر چیز تھی، کسی کو سیڑھی بنانے کیلئے شادی نہیں کی، نہ ہی انہیں شہرت اور دولت کی ضرورت تھی۔ ان کا کہنا تھا کہ وہ شادی سے قبل بھی چینلز میں کام کر رہی تھیں اور شادی کے بعد انہوں نے اہل خانہ اور دوستوں کے کہنے پر اڈیشن دیا، جس کے 8 ماہ بعد انہیں اداکاری کی پیش کش ہوئی اور انہوں نے اسے قبول کرتے ہوئے شوبز کی دنیا میں قدم رکھ دیا۔ طوبیٰ نے خود پر دوسروں کے گھر توڑنے کے الزامات کا جواب دیتے ہوئے کہا کہ انہیں ان سے کوئی فرق نہیں پڑتا۔ دوسری شادی بارے پوچھے گئے سوال پر طوبیٰ انور کا کہنا تھا کہ وہ آئندہ کچھ برسوں تو دوبارہ رشتہ ازدواج میں بندھنے کے لیے تیار نہیں، انہوں نے واضح کیا کہ ایسا نہیں ہے کہ وہ شادی نہیں کریں گی لیکن انہوں نے ابھی اپنا کیریئر بنانے کا فیصلہ کیا ہے۔

اب اعتماد کا ووٹ لینے کی باری شہباز شریف کی ہے

Back to top button