آج عالمی ممالک ہماری سرزمین پربیٹھ کردنیاکیلئےامن چاہتے ہیں،فضل الرحمان

جے یو آئی کے سربراہ مولانا فضل الرحمان نےکہا ہےکہ پاکستان نے ثابت کردیا ہےکہ وہ دنیا کے معاملات کو سلجھانےکی صلاحیت رکھتا ہے، آج عالمی ممالک ہماری سرزمین پر بیٹھ کر دنیا کے لیے امن چاہتے ہیں۔
مردان میں دستور اسلام کانفرنس سے خطاب کرتے ہوئے مولانا فضل الرحمان نےکہا کہ پاکستان نے حال ہی میں جو کردار ادا کیا ہے ہم برسوں سے اس کے متقاضی تھے، آج ہماری جدوجہد رنگ لے آئی ہے، ہم پاکستان کو اسی مقام پر دیکھنا چاہتے تھے۔
سربراہ جے یوآئی مولانا فضل الرحمان کا کہنا تھا کہ اسرائیل عرب کی سرزمین پر ایک دہشت گرد اور ناجائز ریاست ہے جو کئی سال سے مظلوم فلسطینیوں پر مظالم ڈھا رہا ہے، ہم اسرائیل کو تسلیم کرنےکے حق میں بالکل نہیں ہیں، ہم پہلے ہی کہہ چکے تھےکہ اسرائیل کا ایران تک پہنچ جانا پاکستان کے دروازے پر دستک دینا ہے، پاکستان کے عوام اور امت مسلمہ مودی اور یہودی کے گٹھ جوڑ کو کامیاب نہیں ہونے دیں گے۔
ان کا کہنا تھا کہ نواز شریف اور زرداری سر جھکا سکتے ہیں، جے یو آئی سر نہیں جھکا سکتی، حکومت دھاندلی سے لی گئی ہے، ایسی حکومت مانتا ہوں نہ اس کی پیروی کروں گا، جس طرح جعلی نوٹ نہیں چلتا اس طرح جعلی حکومت بھی نہیں چلتی، مارکیٹ میں قیمت نہیں ہوتی، بے قیمت لوگ ہم پر مسلط کردیے گئے ہیں۔
