عمران خان سے کل ملاقات کا دن،سہیل آفریدی کانام بھی فہرست میں شامل

بانی پی ٹی آئی عمران خان سے ملاقاتوں کا سرکاری دن جمعرات مقرر کردیا گیا،وزیراعلیٰ خیبرپختونخوواسہیل آفریدی کانام بھی ملاقاتوں کی فہرست میں شامل کرلیاگیاہے۔
کل وزیراعلیٰ خیبر پختونخوا سہیل آفریدی اڈیالہ جیل پہنچیں گے۔
جیل حکام کے مطابق وزیراعلیٰ خیبرپختونخواسہیل آفریدی کے ساتھ 5 دیگر اہم شخصیات بھی ملاقات کریں گی، جن کی فہرست وکیل سلمان اکرم راجا نے انتظامیہ کو ارسال کر دی ہے۔
فہرست کے مطابق مینا خان آفریدی، شاہد خٹک، ریاض خان، خلیق الرحمان اور تاج محمد بھی عمران خان سے ملاقات کے خواہشمند ہیں اور کل ان سب کی اڈیالہ جیل آمد متوقع ہے۔
یاد رہے کہ بانی پی ٹی آئی سے ملاقات نہ ہونے کے معاملے پر گزشتہ روز اڈیالہ جیل کے باہر عمران خان کی بہنوں نے دھرنا دیا تھا
۔ علیمہ خان، نورین نیازی اور عظمیٰ خان نے دوپہر 2 بجے سے احتجاج شروع کیا، تاہم مذاکرات کی ناکامی کے بعد پولیس نے کارروائی کرتے ہوئے مظاہرین کو منتشر کر دیا۔
پولیس نے تینوں بہنوں کو دھرنا دینے پر حراست میں لیا، بعد ازاں انہیں چکری انٹرچینج پر رہا کردیا گیا جس کے بعد وہ لاہور روانہ ہوگئیں۔
کارروائی کے دوران تلخ کلامی، دھکم پیل اور بدنظمی بھی دیکھنے میں آئی، اور نورین نیازی زمین پر گرنے سے زخمی ہوئیں۔
پولیس نے متعدد کارکنان سمیت رکنِ قومی اسمبلی شاہد خٹک اور صوبائی وزیر مینا آفریدی کو بھی حراست میں لیا۔ کارروائی کے دوران علاقے کی بجلی اور لائٹس بند کیے جانے کی اطلاعات بھی سامنے آئیں۔
