توشہ خانہ ٹو کیس : بشریٰ بی بی کی ضمانت منظور، رہائی کا حکم

اسلام آباد ہائی کورٹ نے توشہ خانہ ٹو کیس میں عمران خان کی اہلیہ بشریٰ بی بی کی ضمانت منظور کرلی،ان کی ضمانت 10،10 لاکھ روپےضمانتی مچلکوں کی عوض منظور کی گئی۔
اسلام آباد ہائی کورٹ میں بشری بی بی کی توشہ خانہ ٹو کیس میں ضمانت کی درخواست پرسماعت جسٹس میاں گل حسن اورنگزیب نےکی،وکیل سلمان صفدر اور ایف آئی اے پراسکیوٹر عمیر مجید ملک عدالت میں پیش ہوئے۔
گزشتہ روز بشریٰ بی بی کےوکیل بیرسٹر سلمان صفدر نے اپنےدلائل مکمل کرلیے تھے اور آج ایف آئی اے پراسکیوٹر نے دلائل دیے۔
جسٹس میاں گل حسن اورنگزیب نےریمارکس دیےکہ برطانوی وزیر اعظم بھی تحائف اپنے ساتھ گھر لےگیا ہے، سب نے اسےکہا تو کہتا ہے کہ رولز کےمطابق لیا ہے، اسے کہاگیا کہ رولز اپنی جگہ لیکن تمہارا ایک قد کاٹھ بھی ہے۔
فاضل جج نے کہاکہ اگر آپ کو یا ڈپٹی اٹارنی جنرل صاحب کو موقع ملےتو آزربائیجان جا کر دیکھیں،وہاں پر ایک ایسا میوزیم ہےجہاں پر گفٹ رکھےجاتے ہیں،پوری دنیا کےصدور کو جو گفٹ ملتے ہیں وہ وہاں ان کی تصویر کے ساتھ رکھتےہیں، مجھے وہاں پر محترمہ بے نظیر بھٹو شہید کی تصویر نظر آئی لیکن بد قسمتی سےکسی اور کی کوئی تصویر نظر نہیں آئی۔
جسٹس حسن اورنگزیب نے استفسار کیاکہ بشریٰ بی بی نے تحائف جمع نہیں کرائےتو عمران خان کو ملزم کیوں بنایاگیا جس پر ایف آئی اے پراسکیوٹر عمیر مجید نے جواب دیا کہ کیوں کہ پبلک آفس ہولڈر عمران خان تھے۔
جسٹس میاں گل حسن اورنگزیب نےکہا کہ یہ تو جسٹس قاضی فائز عیسٰی کی طرح کاکیس ہے، اس کیس میں بھی شوہر کو بیوی کےکیے کا ذمہ دار ٹھہرایاگیا تھا جس پر عمر مجید نےکہا کہ یہ کیس اس سے تھوڑا مختلف ہے،ریاست کو ملنےوالا گفٹ جمع کرانا اور ڈیکلیئر کرنا ہوتاہے۔
سپریم کورٹ نے پہلا کیس آئینی بینچ میں سماعت کےلیے بھیج دیا
انہوں نےکہا کہ یہ گفٹ ریاست کی ملکیت ہوتا ہےجب تک اسےقانونی طریقے سے خرید نہ لیا جائے، ایک پروسیجر دیاگیا ہے جس کے تحت قیمت کا تخمینہ لگنے کےبعد 4 ماہ میں تحفہ خریدا جاسکتا ہے،یہ کیس ایسےگفٹ سے متعلق ہے جو جمع ہی نہیں کرایا گیااور اس اقدام کے نتائج ہیں، ریاست کے ملکیتی تحفے کو خریدنے سے قبل اپنے پاس نہیں رکھا جاسکتا۔
جسٹس میاں گل حسن اورنگزیب نے کہاکہ توشہ خانہ کی تحفے کی قیمت کا درست تخمینہ آکشن کے ذریعے ہی لگایا جا سکتا ہے، آپ کسی شاپ سے گھڑی لےکر نکلیں اور پھر بعد میں اس کی قیمت لگوائیں تو کیا قیمت لگےگی۔
بعد ازاں اسلام آباد ہائی کورٹ نے دس لاکھ روپے کے مچلکوں کی عوض بشری بی بی کی درخواست ضمانت منظور کرتے ہوئے انہیں رہا کرنے کا حکم دےدیا۔
