توشہ خانہ ٹو کیس: بشریٰ بی بی کے وکیل غیر حاضر، ایف آئی اے کے گواہ پر جرح مکمل نہ ہوسکی

اڈیالہ جیل راولپنڈی میں بانی پاکستان تحریک انصاف عمران خان اوراہلیہ بشریٰ بی بی کےخلاف توشہ خانہ ٹوکیس کی سماعت 6 جنوری تک ملتوی کردی گئی۔
کیس کی سماعت اسپیشل جج سینٹرل راولپنڈی شاہ رخ ارجمند نےاڈیالہ جیل میں کی،وکیل صفائی کی عدم دستیابی کے باعث استغاثہ کے گواہ بنیامین پر جرح مکمل نہ ہوسکی۔
بشریٰ بی بی کےوکیل ارشد تبریز بیماری کے باعث عدالت میں پیش نہ ہو سکے۔
سماعت کےدوران اسپیشل پبلک پراسیکیوٹر ذوالفقار عباس نقوی نےبانی پی ٹی آئی کے وکیل قوسین مفتی کو گواہ پرجرح کرنے کی درخواست کی۔
بانی پی ٹی آئی کے وکیل قوسین مفتی نے کہا کہ پہلے بشریٰ بی بی کےوکیل گواہ پر جرح مکمل کریں پھر ہم کریں گے۔
عدالت نےوکلا کو آئندہ سماعت پر جرح مکمل کرنے کی ہدایت کرتے ہوئےکہا کہ آئندہ سماعت پر جرح کا عمل مکمل نہ کیا گیا تو تادیبی کارروائی عمل میں لائی جائے گی۔
یاد رہےکہ گزشتہ سماعت میں عمران خان اور بشریٰ بی بی کے خلاف توشہ خانہ ٹو کیس میں وفاقی تحقیقاتی ادارے (ایف آئی اے) کے گواہ کابینہ ڈویژن کے سیکشن افسربن یامین کا بیان ریکارڈ کیا گیا تھا۔
استغاثہ کےگواہ کی جانب سے بانی پی ٹی آئی اور بشریٰ بی بی کی جانب سے وصول کیے گئےتحائف کی تفصیلات اور توشہ خانہ تحائف کی رجسٹریشن کا رجسٹر عدالت میں پیش کیا گیا تھا۔
سماعت کےدوران بانی پی ٹی آئی کو کمرہ عدالت میں پیش کیا گیا تھا،جب کہ بشریٰ بی بی بھی سماعت کے لیے اڈیالہ جیل آئی تھیں۔
پس منظر
یاد رہےکہ 12 ستمبر 2024 کو توشہ خانہ ٹو کیس کی تحقیقات کے لیےایف آئی اےکی 3 رکنی جوائنٹ انویسٹی گیشن ٹیم (جے آئی ٹی) تشکیل دی گئی تھی۔
نیب ترامیم کےحوالے سے سپریم کورٹ کے فیصلے کے بعد احتساب عدالت نےبانی پاکستان تحریک انصاف (پی ٹی آئی) عمران خان اور بشریٰ بی بی کے خلاف توشہ خانہ ٹو ریفرنس نیب سےایف آئی اے کو منتقل کردیا تھا۔
قبل ازیں، عدالت نےتوشہ خانہ 2 ریفرنس کا ریکارڈ اسپیشل جج سینٹرل کی عدالت کو منتقل کرنے کا حکم دیا تھا۔
سانحہ 9 مئی 2023 کے 19 مجرمان کی سزاؤں میں معافی کا اعلان
13 جولائی کو نیب نے عمران خان اور ان کی اہلیہ کو عدت نکاح کیس میں ضمانت ملنے کے فوری بعد توشہ خانہ کے ایک نئےریفرنس میں گرفتار کرلیا تھا۔
نیب کی انکوائری رپورٹ کےمطابق نیا کیس 7 گھڑیوں سمیت 10 قیمتی تحائف خلاف قانون پاس رکھنےاور بیچنے سے متعلق ہے۔
اڈیالہ جیل کی عدالت ملزمان عمران خان اور بشریٰ بی بی کی کیس سےبریت کی درخواستیں بھی مسترد کر چکی ہے۔
