توشہ خانہ ٹو کیس: عمران خان اور بشریٰ بی بی کو 17، 17 سال قید کی سزا

توشہ خانہ ٹو کیس میں عمران خان اور ان کی اہلیہ بشریٰ بی بی کو مجموعی طور پر17، 17 سال قید اور ایک کروڑ 64 لاکھ روپے جرمانے کی سزا سنا دی گئی ۔
سپیشل جج سینٹرل ارجمند شاہ نے اڈیالہ جیل میں عمران خان اور بشریٰ بی بی کی موجودگی میں توشہ خانہ ٹو کیس کا فیصلہ سنایا۔عمران خان اور بشریٰ بی بی کو پی پی سی دفعہ 409 کے تحت 7،7 سال قید کی سزا سنائی گئی اور دونوں کو مجموعی طور پر17، 17 سال سزا سنائی گئی۔
عدالت نے دونوں پر مجموعی طور پر ایک کروڑ 64 لاکھ روپے جرمانہ بھی عائد کیا۔
عمران خان کو دفعہ 409 کےتحت 10 سال اور دفعہ 5/2/47 انسداد رشوت ستانی ایکٹ کےتحت 7 سال قید کی سزادی گئی، جب کہ دونوں پر دفعہ 402 کے تحت سات سال قید کی سزا بھی سنائی گئی۔مقدمے میں مجموعی طور پر 21 گواہان کے بیانات قلمبند کیےگئے،جن میں سے 18 گواہان نے اہم شواہد پیش کیے۔
عدالت نے دونوں پر کرپشن،تحائف کی غیرقانونی منتقلی اور سرکاری اختیارات کے غلط استعمال کے الزامات کو ثابت قراردیا۔
خیال رہے کہ 13 جولائی 2024 کو نیب نے توشہ خانہ ٹو کیس میں عمران خان اور بشریٰ بی بی کی اڈیالہ جیل میں گرفتاری ڈالی تھی۔
عمران خان اور بشریٰ بی بی 37 دن تک اڈیالہ جیل میں نیب کی تحویل میں رہے اور تفتیش مکمل ہونے کےبعد نیب نے 20 اگست کو احتساب عدالت میں توشہ خانہ ٹو کیس کا ریفرنس دائر کیاتھا۔
یاد رہے کہ عمران خان اور بشریٰ بی بی پر الزام تھاکہ انہوں نے2021 میں سعودی ولی عہد سے بلغاری جیولری سیٹ وصول کیا،ایف آئی اے رکارڈ کے مطابق جیولری سیٹ کی کل مالیت 7 کروڑ 15 لاکھ سے زائد تھی۔جیولری سیٹ کا ریکارڈ وزارت خارجہ سے بھی حاصل کیاگیا،ملزمان نے پرائیویٹ فرم سے بلغاری سیٹ کی قیمت صرف 59 لاکھ روپے لگوائی،جیولری سیٹ میں،نیکلیس،بریسلیٹ،انگوٹھی اور ائیر رنگز شامل تھیں۔
ملزمان کی جانب سے سعودی ولی عہد سے وصول کیاگیا تحفہ توشہ خانہ میں جمع نہیں کرایاگیا۔قیمت کا تعین پرائیویٹ اپریزر صہیب عباس اور پھر کسٹم حکام کے ذریعے کیاگیا۔انڈر ویلیو تخمینہ حاصل کرنے کےلیے اثرو رسوخ استعمال کیا گیا، بلغاری جیولری سیٹ توشہ خانہ میں جمع کرایاگیا نا ہی صحیح قیمت لگائی گئی۔
پرائیویٹ اپریزر صہیب عباس کےمطابق درخواست گزار کےپرائیویٹ سیکرٹری انعام شاہ نے کم تشخیص کےلیے دباؤ ڈالا۔
خیال رہے کہ توشہ خانہ ٹو کیس کی 80 سے زائد سماعتیں اڈیالہ جیل میں ہوئیں، سرکار کی جانب سے وفاقی پراسکیوٹر ذوالفقار عباس نقوی،بیرسٹر عمیر مجید ملک،بلال بٹ اور شاہویز گیلانی نے کیس کی پیروی کی۔
عمران خان اور بشریٰ بی بی کا کیس ان کے وکیل ارشد تبریز، قوسین فیصل مفتی اور بیرسٹر سلمان صفدر نے لڑا۔
