توشہ خانہ ٹو کیس کا تحریری فیصلہ جاری : عمران خان اور بشریٰ بی بی کو 17 سال قید

سابق وزیراعظم عمران خان اور ان کی اہلیہ بشریٰ بی بی کے خلاف توشہ خانہ ٹو کیس کا تحریری فیصلہ جاری کر دیا گیا ہے۔
اسپیشل جج سینٹرل ارجمند شاہ نے توشہ خانہ ٹو کیس میں عمران خان اور بشریٰ بی بی کو مجموعی طور پر 17، 17 سال قید اور ایک کروڑ 64 لاکھ روپے جرمانے کی سزا سنائی ہے۔
تحریری فیصلے میں عدالت نے قرار دیا ہے کہ استغاثہ اپنا مقدمہ ثابت کرنے میں کامیاب رہا اور دونوں ملزمان خیانتِ مجرمانہ کے مرتکب پائے گئے، جبکہ ان پر عائد الزامات ثابت ہو گئے۔
عدالتی فیصلے کے مطابق بانی پی ٹی آئی عمران خان کو دفعہ 409 کے تحت 10 سال قید کی سزا سنائی گئی، جبکہ انسداد رشوت ستانی ایکٹ کے تحت انہیں مزید 7 سال قید کی سزا دی گئی۔
تحریری فیصلے میں بتایا گیا ہے کہ بشریٰ بی بی کو بھی مجموعی طور پر 17 سال قید کی سزا سنائی گئی، جبکہ دونوں مجرمان پر فی کس ایک کروڑ 64 لاکھ 25 ہزار 650 روپے جرمانہ عائد کیا گیا ہے۔ جرمانے کی عدم ادائیگی کی صورت میں ہر ایک کو مزید 6، 6 ماہ قید بھگتنا ہوگی۔
عدالت نے فیصلے میں یہ بھی واضح کیا کہ بانی پی ٹی آئی کی زائد عمر اور بشریٰ بی بی کے خاتون ہونے کے باعث کم سے کم سزا دی گئی، جبکہ ملزمان کے زیرِ حراست گزارے گئے عرصے کو بھی سزا میں شامل کر لیا گیا ہے۔
