امریکا سے تجارتی معاہدہ ہمارے بڑھتے ہوئے تعاون کو مزید فروغ دے گا : وزیر اعظم

وزیراعظم محمد شہباز شریف نے امریکی صدر ڈونلڈ ٹرمپ کا شکریہ ادا کرتے ہوئے کہا ہےکہ واشنگٹن میں دونوں ممالک کے درمیان ایک تاریخی تجارتی معاہدہ طے پا گیا ہے۔ جس کےلیے اتھاہ گہرائی سے صدر ٹرمپ کا شکریہ ادا کرتا ہوں۔
وزیر اعظم شہباز شریف کا کہنا تھا کہ امریکی صدر ڈونلڈ ٹرمپ نے قائدانہ کردار ادا کیا، یہ تاریخی معاہدہ ہمارے بڑھتے ہوئے تعاون کو مزید فروغ دے گا۔
وزیراعظم نے کہا کہ یہ سنگِ میل پاکستان اور امریکا کے درمیان بڑھتےہوئے تعاون کو نئی وسعت دےگا اور آنے والے دنوں میں دونوں ممالک کے درمیان دیرپا شراکت داری کو مزید مضبوط کرے گا۔
دوسری جانب امریکا سے ہونے والے معاہدے پر وزیر خارجہ اسحاق ڈار کا کہنا تھا کہ الحمدللہ، پاکستان کا امریکا کے ساتھ تاریخی معاہدہ طے پاگیا ہے۔یہ معاہدہ دونوں ممالک کے درمیان معاشی تعاون،توانائی کے شعبے میں شراکت داری اور سرمایہ کاری کے نئے مواقع پیدا کرے گا،پاکستان اپنی معاشی پوزیشن کو مستحکم بنانے کی طرف گامزن ہے۔
پاکستان اور امریکا میں تاریخی تجارتی معاہدہ، ٹیرف میں کمی اور سرمایہ کاری میں اضافہ متوقع
وزیر خارجہ اسحاق ڈار نے وزیر اعظم شہباز شریف کی قیادت کو سراہتے ہوئے کہاکہ عالمی سطح پر پاکستان کا مقام ایک بار پھر مستحکم ہورہا ہے،حکومت نے ہمیشہ قومی مفاد میں معاشی ڈپلومیسی کو ترجیح دی ہےاور یہ معاہدہ اسی حکمت عملی کا نتیجہ ہے۔
