تجارتی معاہدہ مکمل، پاکستان ایک دن بھارت کو تیل فروخت کرے : ڈونلڈ ٹرمپ

امریکا کے صدر ڈونلڈ ٹرمپ نے اعلان کیا ہے کہ پاکستان کے ساتھ تجارتی معاہدہ مکمل ہوگیا ہے۔ دونوں ممالک پاکستان میں موجود تیل کے وسیع ذخائر کو دریافت کرنے کےلیے مشترکہ طور پر کام کریں گے۔ ایک دن پاکستان بھارت کو تیل فروخت کرے گا۔
صدر ڈونلڈ ٹرمپ کے مطابق اس ڈیل کے تحت امریکا اور پاکستان مل کر اپنے اپنے تیل کے ذخائر تلاش کریں گے، اور دونوں حکومتیں باہمی مشاورت سے اس آئل کمپنی کا تعین کریں گی جو ان ذخائر کی تلاش کا کام کرے گی۔
ڈونلڈ ٹرمپ نے مزید کہا کہ ہوسکتا ہے مستقبل میں پاکستان، بھارت کو تیل برآمد کرے۔ٹرمپ کا کہنا تھاکہ اس معاہدے کی مکمل تفصیلات مناسب وقت پر دنیا کے سامنے پیش کی جائیں گی۔
وائٹ ہاؤس میں تجارتی معاہدوں پر جاری کام کا ذکر کرتےہوئے ڈونلڈ ٹرمپ نے کہاکہ جاپان کے ساتھ معاہدہ مکمل ہوگیا ہے،یورپی یونین سے بھی مثبت معاہدہ ہوا ہے،اور کئی دیگر ممالک سے بھی بات چیت جاری ہے۔ان تمام معاہدوں سے امریکا کا تجارتی خسارہ نمایاں طور پر کم ہوگا۔
یاد رہے کہ امریکی صدر ڈونلڈ ٹرمپ نے حال ہی میں بھارت پر نئے ٹیرف عائد کرنے کا اعلان کیا تھا۔ انہوں نے کہاکہ یکم اگست سے بھارت کو 25 فیصد ٹیرف دینا ہوگا، اور اگر بھارت نے یہ ادائیگی نہ کی تو اسے بھاری جرمانے کا سامنا کرنا پڑے گا۔ اس سے پہلے امریکا، بھارت سے 14.26 فیصد ٹیرف وصول کررہا تھا۔
ڈونلڈ ٹرمپ نے شکوہ کیا کہ بھارت نے ہمیشہ روس سے بڑے فوجی سودے کیے ہیں اور توانائی کے شعبے میں چین اور روس سے زیادہ خریداری کی ہے۔ان کا کہنا تھاکہ بھارت دنیا میں سب سے زیادہ ٹیرف وصول کرتا ہے،لیکن امریکا کے ساتھ کم کاروبار کرتا رہاہے۔
یاد رہےکہ اپریل میں ٹرمپ نے بھارتی مصنوعات پر 26 فیصد ٹیرف کے نفاذ کا اعلان کیاتھا، تاہم اس فیصلے پر عمل درآمد جولائی تک مؤخر کر دیا گیا تھا۔ اس کے علاوہ انہوں نے بھارت میں ٹیسلا کی مینوفیکچرنگ فیکٹری کا منصوبہ بھی رکوا دیاتھا۔
امریکا سے تجارتی معاہدہ ہمارے بڑھتے ہوئے تعاون کو مزید فروغ دے گا : وزیر اعظم
.jpg)
امریکا کے صدر ٹرمپ نے ایپل کمپنی کو بھی خبردار کیا کہ اگر اس کے آئی فونز امریکا میں تیار نہ کیے گئے تو کمپنی کو 25 فیصد ٹیرف کا سامنا کرنا پڑےگا۔ ان کا کہنا تھاکہ امریکا میں فروخت ہونےوالے فونز امریکا ہی میں تیار ہونےچاہئیں، نہ کہ بھارت یا کسی اور ملک میں۔
