سانحہ 9 مئی جناح ہاؤس حملہ کیس : علیمہ خان اور عظمیٰ خان بے قصور قرار

لاہور کی انسداد دہشت گری عدالت نے سانحہ 9 مئی جناح ہاؤس حملہ کیس میں عمران خان کی بہنوں علیمہ خان اور عظمیٰ خان کو بےقصور قرار دے دیا ہے، علیمہ خان اور عظمیٰ خان نے جناح ہاؤس کیس میں درخواست ضمانتیں واپس لےلیں۔
لاہور کی انسداد دہشت گردی عدالت میں جناح ہاؤس حملہ کیس کی سماعت میں تفتیشی افسر نے علیمہ خان اور عظمیٰ خان کو بےقصور قرار دے دیا۔
تفتیشی افسر نے عدالت کو بتایاکہ علیمہ خان اور عظمی خان کےخلاف تفتیش مکمل ہے، علیمہ خان اور عظمی خان جناح ہاؤس کیس میں بےقصور ہیں،ان کی جناح ہاؤس کیس میں گرفتاری درکار نہیں، تفتیشی افسر کے بیان کےبعد علیمہ خان اور عظمی خان نے جناح ہاوس کیس میں درخواست ضمانتیں واپس ل لیں۔
عدالت کے باہر میڈیا سےگفتگو کرتےہوئے علیمہ خان کا کہنا تھا کہ بیس مہینے بعد اللہ نے ہمیں سرخرو کیا۔انہوں نے کہاکہ اس عرصے میں انہوں نے نظام کےحوالے سے بہت کچھ سیکھا اور انہیں بتایاگیا کہ وہ 9 مئی کے مقدمات میں مطلوب نہیں ہیں۔
علیمہ خان نےکہا کہ اللہ تعالیٰ کسی دشمن کو بھی اس اذیت سےنہ گزارے۔ انہوں نے تفتیشی افسران کی غیر ذمہ داری پر سوال اٹھاتےہوئے کہاکہ اگر تفتیشی افسر پہلےدن ہی پیش ہو جاتا تو شاید نوبت یہاں تک نہ پہنچتی۔
عمران خان کی ہمشیرہ علیمہ خان نے شکوہ کیاکہ ریکارڈ کی عدم دستیابی کے باعث انہیں بیس مہینے تک عدالتوں کے چکر لگانےپڑے اور تفتیشی افسران کی کوتاہی کی وجہ سے کئی افراد کو غیرضروری سزائیں بھگتنا پڑیں۔
تحریک انصاف کی رکن پارلیمنٹ زرتاج گل کے وارنٹ گرفتاری جاری
واضح رہےکہ 9 مئی 2023 کو القادر ٹرسٹ کیس میں عمران خان کی اسلام آباد ہائی کورٹ کے احاطے سے گرفتاری کےبعد پی ٹی آئی کی طرف سے ملک گیر احتجاج کیاگیا تھا جس کےدوران لاہور کے علاقے ماڈل ٹاؤن میں 9 مئی کو مسلم لیگ (ن) کےدفتر کو جلانےکے علاوہ فوجی، سول اور نجی تنصیبات کو نذر آتش کیاگیا، سرکاری و نجی املاک کو شدید نقصان پہنچایاگیا تھا جب کہ اس دوران کم از کم 8 افراد جاں بحق اور 290 زخمی ہوئےتھے۔
مظاہرین نے لاہور میں کور کمانڈر کی رہائش گاہ پر بھی دھاوا بول دیاتھا جسے جناح ہاؤس بھی کہاجاتا ہے اور راولپنڈی میں واقع جی ایچ کیو کا ایک گیٹ بھی توڑ دیاتھا۔
اس کےبعد ملک بھر میں قانون نافذ کرنےوالے اداروں کے ساتھ لڑائی،توڑ پھوڑ اور جلاؤ گھیراؤ میں ملوث 1900 افراد کو گرفتار کرلیا گیاتھا جب کہ عمران خان اور ان کی پارٹی رہنماؤں اور کارکنان کےخلاف مقدمات بھی درج کیےگئے تھے۔
