سہ ملکی سیریز : پاکستان نے زمبابوے کو 5 وکٹوں سے شکست دے دی

سہ ملکی سیریز کے پہلے میچ میں پاکستان نے زمبابوے کو 5 وکٹوں سے شکست دے دی۔
راولپنڈی میں کھیلے گئے میچ میں زمبابوے کی جانب سے پاکستان کو دیا گیا 148 رنز کا ہدف قومی ٹیم نے 19.2 اوورز میں 5 وکٹوں کے نقصان پر بآسانی حاصل کیا۔
پاکستان کی جانب سے صاحب زادہ فرحان 16، صائم ایوب 22، بابر اعظم صفر، کپتان سلمان علی آغا 1، فخر زمان 45 رنز بناکر آؤٹ ہوئے، جب کہ عثمان خان 37 اور محمد نواز 20 رنز بناکر ناٹ آؤٹ رہے۔
زمبابوے کی جانب سے رچرڈ 1، گریم کریمر 1 جب کہ براڈ ایوانس نے 2 وکٹیں حاصل کیں۔
اس سے قبل پاکستان کے خلاف پہلے بیٹنگ کرتے ہوئے زمبابوے نے مقررہ 20 اوور میں 8 وکٹوں کے نقصان پر 147 رنز بنائے۔
زمبابوے کی جانب سے برائن بینیٹ 49 ، تادیوناشے مرومانی 30، برینڈن ٹیلر 14 ، ریان برل 8 رنز بناکر آؤٹ ہوئے جب کہ کپتان سکندر رضا 34 رنز بناکر ناٹ آؤٹ رہے۔
پاکستان کی جانب سے شاہین شاہ آفریدی 1، سلمان مرزا 1، صائم ایوب 1 ، ابرار احمد 1 جب کہ محمد نواز نے 2 وکٹیں حاصل کیں۔
قبل ازیں پاکستان کے کپتان سلمان علی آغا نے زمبابوے کے خلاف ٹاس جیت کر فیلڈنگ کا فیصلہ کیا۔
ٹاس کے موقع پر قومی ٹیم کے کپتان سلمان علی آغا نے کہاکہ سیریز میں اچھی کارکردگی دکھانے کی کوشش کریں گے، جب کہ زمبابوے ٹیم کے کپتان سکندر رضا کا کہنا تھاکہ راولپنڈی کی پچ ماضی کے مقابلے میں مختلف لگ رہی ہے۔
سلمان علی آغا کی قیادت میں بابر اعظم، فخر زمان، صائم ایوب، صاحب زادہ فرحان، عثمان خان، محمد نواز، فہیم اشرف، شاہین شاہ آفریدی، سلمان مرزا اور ابرار احمد قومی ٹیم کا حصہ ہیں۔
یاد رہے کہ سہ ملکی سیریز میں پاکستان، زمبابوے اور سری لنکا کی ٹیمیں حصہ لے رہی ہیں۔
