قبائلی مشران کا فتنۂ خوارج کیخلاف پاک فوج کا ساتھ دینے کا اعلان

شمالی وزیرستان کے مشران اور عمائدین نے قیامِ امن اور فتنۂ خوارج کے خاتمے کے لیے پاک فوج کا مکمل ساتھ دینے کا اعلان کر دیا۔

میران شاہ میں پاک فوج کے تعاون سے منعقدہ ایک اہم قبائلی جرگہ ہوا جس میں مقامی مشران اور معزز عمائدین کی بڑی تعداد نے شرکت کی۔

جرگے کے مہمانِ خصوصی جی او سی میجر جنرل عادل افتخار وڑائچ تھے، جنہوں نے قبائلی عوام کی قربانیوں کو سراہتے ہوئے کہا کہ خطے میں پائیدار امن کے قیام کے لیے قبائلی قیادت کا کردار انتہائی اہم ہے۔

شرکاء نے سکیورٹی فورسز اور شہداء کی قربانیوں کو خراجِ تحسین پیش کیا اور فتنۂ خوارج سمیت تمام شرپسند عناصر کے خلاف پاک فوج کی زیرو ٹالرنس پالیسی کی بھرپور حمایت کا اظہار کیا۔

انہوں نے حکام کو یقین دہانی کرائی کہ وہ سکیورٹی اداروں کے ساتھ مکمل تعاون جاری رکھیں گے۔

قبائلی مشران نے علاقے میں تعلیم، صحت اور خاص طور پر بچیوں کی تعلیم کے فروغ کے لیے پاک فوج کی کوششوں کو سراہا اور ان اقدامات کو کامیاب بنانے کے لیے اپنا مکمل تعاون فراہم کرنے کا یقین دلایا۔

Back to top button