ٹرمپ کابی بی سی کیخلاف 5ارب ڈالرہرجانےکامقدمہ دائرکرنےکااعلان

امریکی صدر ڈونلڈ ٹرمپ نےآئندہ ہفتے بی بی سی کے خلاف 1 سے 5 ارب ڈالر تک کے ہرجانے کا مقدمہ دائر کرنےکااعلان کردیا۔

ڈونلڈٹرمپ نےواضح کیا کہ برطانوی نشریاتی ادارے نے ان کی تقریر کی ویڈیو کو غلط انداز میں ایڈٹ کرنے کا اعتراف کیا ہے۔

بی بی سی حالیہ ہفتوں میں شدید بحران کا شکار ہے، کیونکہ اس تنازع اور دیگر جانبداری کے الزامات کے بعد اس کے دو اعلیٰ عہدیدار مستعفی ہو چکے ہیں۔ تاہم بی بی سی کا کہنا ہے کہ ٹرمپ کا دعویٰ قانونی بنیاد نہیں رکھتا۔

یہ تنازع اس وقت سامنے آیا جب بی بی سی کے پروگرام ‘پینوراما’ میں ٹرمپ کی 6 جنوری 2021 کی تقریر کے 3 حصے اس طرح جوڑے گئے کہ یوں لگا جیسے وہ کیپیٹل ہل پر حملہ بھڑکا رہے تھے۔

ٹرمپ کے وکلا نے بی بی سی کو دستاویزی فلم واپس لینے، معافی مانگنے اور کم از کم 1 ارب ڈالر ہرجانے کی ادائیگی کا مطالبہ کیا تھا۔ بی بی سی نے ایڈیٹنگ کو غلطیِ قرار دیتے ہوئے ٹرمپ سے ذاتی معافی تو مانگی، مگر دستاویزی فلم دوبارہ نشر کرنے سے انکار کر دیا اور الزامات کو بے بنیاد کہا۔

فلوریڈا جانے سے قبل ایئر فورس ون میں صحافیوں سے گفتگو کرتے ہوئے ٹرمپ نے کہا کہ ہم اگلے ہفتے انہیں سو کریں گے، شاید 1 سے 5 ارب ڈالر کے درمیان۔ انہوں نے مانا ہے کہ انہوں نے دھوکا کیا۔ انہوں نے میرے الفاظ بدل دیے۔

Back to top button