ٹرمپ کا غزہ امن منصوبے کا دوسرا مرحلہ جلد شروع کرنےکااعلان

امریکی صدر ڈونلڈٹرمپ نے کہا ہے کہ غزہ امن منصوبے کا دوسرا مرحلہ بہت جلد شروع ہونے والا ہے۔

غزہ جنگ بندی معاہدے پر فریقین کے اتفاق کے باوجود عمل درآمد کی رفتار نہایت سست روی کا شکار ہے لیکن ایسے میں ڈونلڈ ٹرمپ کےبیان نے سب کی توجہ حاصل کرلی۔

صدر ٹرمپ کا یہ بیان اُس وقت سامنے آیا ہے جب حال ہی میں اقوام متحدہ کی سلامتی کونسل نے فلسطینی ریاست کے حق میں قرارداد منظور کی ہے۔

خدشہ ظاہر کیا جا رہا تھا کہ صدر ٹرمپ کا غزہ امن منصوبہ اب کھٹائی میں پڑ سکتا ہے جس کے پہلے مرحلے پر بھی سست روی سے عمل درآمد ہوا ہے۔

وائٹ ہاؤس میں صحافی نے سوال کیا کہ غزہ امن منصوبے کا دوسرا مرحلہ کب شروع ہوگا جس پر صدر ٹرمپ نے براہِ راست جواب دینے سے گریز کیا اور کہا کہ سب اچھا چل رہا ہے۔

ٹرمپ نےغزہ میں اسرائیلی فوجی اہلکاروں پر ہونے والے حملے کا حوالہ دیتے ہوئے کہا کہ ایک بم پھٹا ہے اور کچھ لوگ شدید زخمی ہوئے یا شاید ہلاک بھی ہوئے لیکن اس کے باوجود معاملات بہت اچھے جا رہے ہیں۔

امریکی صدر ٹرمپ نے مزید کہا کہ لوگ سمجھتے نہیں کہ ہمارے پاس مشرقِ وسطیٰ میں امن ہے۔

Back to top button