ٹرمپ کا بھارت کےساتھ تجارتی معاہدے کااعلان

امریکی صدر ڈونلڈ ٹرمپ نے بھارتی وزیر اعظم نریندر مودی سے ٹیلی فونک گفتگو کے بعد بھارت کے ساتھ ایک نئے تجارتی معاہدے کا اعلان کردیا۔
رائٹرز کے مطابق صدر ٹرمپ نے بتایا کہ اس معاہدے کے تحت بھارت نے روسی تیل کی خریداری روکنے اور امریکا سے زیادہ توانائی مصنوعات درآمد کرنے پر آمادگی ظاہر کی ہے جبکہ امکان ہے کہ بھارت وینزویلا سے بھی تیل خریدے گا۔
صدر ٹرمپ نے سوشل میڈیا پر جاری بیان میں کہا کہ وزیراعظم مودی کی درخواست پر ہم نے فوری طور پر امریکا اور بھارت کے درمیان ایک تجارتی معاہدے پر اتفاق کیا ہے جس کے تحت امریکا باہمی (ریسیپروکل) ٹیرف کی شرح 25 فیصد سے گھٹا کر 18 فیصد کر دے گا۔
ٹرمپ کے مطابق اس کے بدلے بھارت نے امریکی مصنوعات پر عائد ٹیرف کو صفر کرنے پر اتفاق کیا ہے جس سے دونوں ممالک کے درمیان تجارت میں نمایاں اضافہ متوقع ہے۔
صدر ٹرمپ نے مزید کہا کہ مودی نے اس بات پر رضامندی ظاہر کی ہے کہ بھارت روسی تیل کی خریداری بند کرے گا اور امریکا سے کہیں زیادہ تیل خریدے گا جبکہ وینزویلا بھی ایک ممکنہ آپشن ہو سکتا ہے۔
