ٹرمپ کا خارگ آئل ٹرمینل پر حملے کا اشارہ، ایران کا انتباہ

 ایران نے امریکی صدر ڈونلڈ ٹرمپ کے اہم تیل برآمدی مرکز خارگ آئل ٹرمینل پر حملے کے اشارے پر سخت اور فیصلہ کن ردعمل دینے کی وارننگ جاری کی ہے۔

ایرانی افواج کے ترجمان ترجمان بریگیڈیئر جنرل ابوالفضل شیکرچی نے کہا کہ اگر امریکہ کسی ملک کی سرزمین استعمال کر کے خارگ جزیرے پر حملہ کرتا ہے تو ایران اس ملک کے تیل اور گیس کے مراکز کو نشانہ بنا سکتا ہے۔

جنرل شکارچی نے مزید کہا کہ ایران جب بھی کسی معاملے پر وارننگ دیتا ہے تو اس پر عمل بھی کرتا ہے۔ انہوں نے پڑوسی ممالک کو خبردار کیا کہ وہ اپنی سرزمین کو ایران کے خلاف استعمال کیے جانے والے کسی بھی اقدام سے گریز کریں۔

ایرانی ترجمان نے واضح کیا کہ اگر کسی ملک نے امریکہ کو خارگ جزیرے پر حملے کے لیے اپنی زمین استعمال کرنے کی اجازت دی، تو اس کے توانائی کے مراکز خطرے میں پڑ سکتے ہیں۔

یہ بیان ایسے وقت سامنے آیا ہے جب امریکی صدر ڈونلڈ ٹرمپ نے ایک روز قبل خارگ جزیرے کو ممکنہ ہدف بنانے کا اشارہ دیا تھا۔

خارگ جزیرہ ایران کے ساحل سے تقریباً 15 ناٹیکل میل دور واقع ہے اور یہ ملک کا سب سے بڑا تیل برآمدی مرکز ہے، جس کے ذریعے ایران کی تقریباً 90 فیصد خام تیل کی برآمدات کی جاتی ہیں۔

Back to top button