ٹرمپ نے بھارت پریکم اگست سے25فیصدٹیرف عائدکردیا

 امریکی صدر ڈونلڈ ٹرمپ نے بھارت سے درآمد ہونے والی اشیاء پر یکم اگست سے 25 فیصد ٹیرف نافذ کرنے کا اعلان کیا ہے۔

ٹرمپ نے اپنے سوشل میڈیا پلیٹ فارم ‘ٹروتھ سوشل’ پر جاری بیان میں کہا کہ بھارت کو اسی تاریخ سے ایک اور غیر متعین ’سزا‘ کا بھی سامنا کرنا پڑے گا، تاہم اس کی نوعیت یا تفصیلات بیان نہیں کی گئیں۔

صدر ٹرمپ نے کہا کہ بھارت ہمارا دوست ضرور ہے، مگر برسوں سے ہمارے تجارتی تعلقات متوازن نہیں رہے کیونکہ بھارت کے ٹیرف دنیا میں بلند ترین ہیں، جبکہ اس کی غیر مالیاتی تجارتی رکاوٹیں بھی غیر معمولی حد تک سخت اور ناقابل قبول ہیں۔

انہوں نے مزید کہا کہ بھارت مسلسل روس سے بھاری پیمانے پر فوجی ساز و سامان خریدتا رہا ہے، اور چین کے ساتھ مل کر توانائی کے شعبے میں روس کا سب سے بڑا خریدار بھی ہے۔ یہ تمام عوامل ایسے وقت میں پیش آ رہے ہیں جب دنیا روس پر زور دے رہی ہے کہ وہ یوکرین میں جنگ و خونریزی کا خاتمہ کرے۔

 یاد رہے کہ اس اعلان سے چند گھنٹے قبل ہی ٹرمپ نے خبردار کیا تھا کہ اگر امریکہ اور بھارت کے درمیان طویل عرصے سے زیر التوا تجارتی معاہدہ طے نہ پایا، تو بھارت کی درآمدات پر 25 فیصد تک ٹیرف نافذ کر دیا جائے گا۔

Back to top button