ٹرمپ نے ایران جنگ میں ساتھ نہ دینے والے نیٹو ممالک کو کاغذی شیر قرار دیدیا

امریکی صدر ڈونلڈ ٹرمپ نے ایران جنگ میں ساتھ نہ دینے والے نیٹو ممالک کو بزدل اور کاغذی شیر قرار دیتے ہوئے کہا ہے کہ نیٹو ممالک آسانی سے اس اہم بحری گذرگاہ کو دوبارہ کھولنے میں مدد کر سکتے ہیں، لیکن وہ اس ذمہ داری سے گریز کر رہے ہیں۔

سوشل میڈیا پلیٹ فارم ٹروتھ سوشل پر جاری بیان میں ڈونلڈ ٹرمپ نے کہا ایران کے جوہری خطرے کے خلاف کارروائی میں نیٹو ممالک نے حصہ لینے سے گریز کیا، امریکا کے بغیر نیٹو محض کاغذی شیر ہے۔

ٹرمپ نے مزید کہا کہ ایران کے جوہری خطرے کے خلاف فوجی کارروائی مکمل ہو چکی ہے، لیکن نیٹو ممالک اب تیل کی بڑھتی ہوئی قیمتوں پر شکایت کر رہے ہیں۔ ان کے مطابق عالمی منڈی میں تیل کی مہنگائی کی بنیادی وجہ آبنائے ہرمز کی بندش ہے، اور اسے کھولنا ایک نسبتاً آسان فوجی اقدام ہے۔

واضح رہے کہ آبنائے ہرمز دنیا کی اہم ترین بحری گذرگاہوں میں سے ایک ہے، جہاں سے عالمی تیل کی بڑی مقدار گزرتی ہے۔ بندش کے باعث عالمی سطح پر پیٹرول کی قلت اور قیمتوں میں اضافہ دیکھنے میں آیا ہے۔

Back to top button