ٹرمپ نے ایک بار پھرایران کو سنگین نتائج کی دھمکی دیدی

امریکی صدر ڈونلڈ ٹرمپ نے ایک بار پھر خبردار  کیا ہے کہ  10 دن میں ایران کے بارے میں پتہ چل جائے گا۔

غزہ بورڈ آف پیس کے پہلے اجلاس سے خطاب میں امریکی صدر ٹرمپ نے کہا کہ  وقت آگیا ہےکہ ایران ہمارے ساتھ امن کے راستے پر چلے۔ ایران کو کسی صورت ایٹمی ہتھیار رکھنے کی اجازت نہیں دی جائے گی، معاہدہ نہ کیا تو نتائج برے ہوں گے ۔

صدر ٹرمپ نے کہا کہ مشرق وسطی میں امن کے لیے ایران کو ایٹمی ہتھیار نہیں رکھنے دیں گے، ایران کے پاس جوہری ہتھیار ہوں گے تو خطے میں امن ممکن نہیں ہوگا۔

امریکی صدر کا کہنا تھا کہ ایران کے ساتھ اچھی بات چیت ہو رہی ہے، بامعنی معاہد کرنا چاہتے ہیں، تقریباً 10 دنوں میں ایران کے بارے میں پتا چل جائے گا، ہمیں ایران کے ساتھ کچھ کام کرنا ہے،  ایران کو معاہدہ کرنا پڑے گا ورنہ نتائج برے ہوں گے۔

غزہ پیس بورڈ کے پہلے اجلاس سے خطاب میں صدر ٹرمپ نے کہاکہ ہم غزہ کے لوگوں کے لیے روشن مستقبل چاہتے ہیں،غزہ کی تعمیر نو اور استحکام کے لیے ممالک اپنا حصہ ڈال رہے ہیں۔

انہوں نےکہا کہ 7 ارب ڈالرز سے زائد دیے جاچکےہيں امریکا 10 ارب ڈالرز دے گا، حماس معاہدے کے مطابق اپنے ہتھیار ہمارے حوالے کر دے گا، غزہ اب مزید انتہاپسندی اور دہشت گردی کا گڑھ نہیں رہے گا۔

واضح رہے کہ غزہ امن بورڈ کے پہلے اجلاس میں پاکستان کی نمائندگی وزیر اعظم شہباز شریف کر رہے ہیں۔

اجلاس شروع ہونے سے پہلے صدر ٹرمپ نے امن بورڈ کے شرکا سے گفتگو بھی کی۔ وزیراعظم شہباز شریف سے بھی جملوں کا تبادلہ ہوا۔

 

Back to top button