"جہازوں کو آبنائے ہرمز سے گزرنے کی اجازت” ٹرمپ نے اسحاق ڈار کی پوسٹ شیئر کر دی

امریکی صدر ڈونلڈ ٹرمپ نے پاکستان کے نائب وزیراعظم اور وزیر خارجہ اسحاق ڈار کی آبنائے ہرمز سے جہازوں کو گزرنے کی اجازت سے متعلق پوسٹ کو سوشل میڈیا پلیٹ فارم ایکس پر شیئر کردیا، جس کے بعد یہ معاملہ عالمی سطح پر توجہ کا مرکز بن گیا۔

میڈیا رپورٹس کے مطابق اسحاق ڈار نے اپنی پوسٹ میں بتایا تھا کہ ایران نے 20 پاکستانی پرچم بردار جہازوں کو آبنائے ہرمز سے گزرنے کی اجازت دے دی ہے۔ انہوں نے یہ بھی واضح کیا کہ روزانہ دو پاکستانی جہاز اس اہم بحری راستے سے گزر سکیں گے۔

یہ پیش رفت ایران اور امریکا کے درمیان جاری کشیدگی کے تناظر میں خاصی اہم سمجھی جا رہی ہے، کیونکہ آبنائے ہرمز عالمی سطح پر تیل کی ترسیل کے لیے نہایت اہم گزرگاہ ہے۔

آبنائے ہرمز سے پاکستانی پرچم بردار 20 جہازوں کو گزرنے کی اجازت دیدی گئی، اسحاق ڈار

حالیہ کشیدہ صورتحال کے باعث اس سمندری راستے پر سخت نگرانی اور پابندیاں عائد تھیں، جس کے نتیجے میں عالمی تجارت اور توانائی کی فراہمی متاثر ہو رہی تھی۔

ماہرین کے مطابق امریکی صدر کی جانب سے اس پیغام کو شیئر کرنا اس بات کی طرف اشارہ ہو سکتا ہے کہ پاکستان خطے میں ایک اہم سفارتی کردار ادا کر رہا ہے اور ایران کے ساتھ روابط میں سہولت کار بن رہا ہے۔

اس پیش رفت سے نہ صرف پاکستان بلکہ پورے خطے میں تجارتی سرگرمیوں اور معاشی استحکام کے لیے مثبت امکانات پیدا ہو سکتے ہیں۔

Back to top button