کینیڈاسے غزہ بورڈ آف پیس میں شمولیت کی دعوت واپس لے لی گئی

امریکی صدر ڈونلڈ ٹرمپ نے کینیڈا کو غزہ کے لیے قائم کیے گئے ’’بورڈ آف پیس‘‘ میں شامل ہونے کی دی گئی دعوت واپس لے لی ہے۔

سوئٹزرلینڈ کے شہر ڈیووس میں ورلڈ اکنامک فورم سے خطاب کرتے ہوئے صدر ٹرمپ نے کہا کہ وہ کینیڈا کے وزیر اعظم مارک کارنی کو غزہ بورڈ آف پیس میں شامل کرنے کی دعوت منسوخ کر رہے ہیں۔

اس حوالے سے امریکی صدر نے سوشل میڈیا پلیٹ فارم ٹروتھ سوشل پر بھی بیان جاری کیا، جس میں انہوں نے کہا کہ مارک کارنی کو اس اقدام میں شمولیت کی دعوت دی گئی تھی، تاہم اب یہ دعوت واپس لی جا رہی ہے۔

اپنی پوسٹ میں صدر ٹرمپ کا کہنا تھا کہ بورڈ آف پیس دنیا کے بااثر ترین رہنماؤں پر مشتمل ایک فورم ہے اور کینیڈا کی شمولیت سے متعلق دعوت نامہ واپس لیا جا چکا ہے۔

واضح رہے کہ امریکی صدر ڈونلڈ ٹرمپ کی جانب سے تشکیل دیے گئے غزہ بورڈ آف پیس میں اب تک پاکستان سمیت 19 ممالک شمولیت اختیار کر چکے ہیں۔

رپورٹ کے مطابق پاکستان، قطر، سعودی عرب، ترکیہ، انڈونیشیا، بحرین، مصر، اردن، قازقستان، ازبکستان اور متحدہ عرب امارات (یو اے ای) پہلے ہی اس بورڈ کا حصہ بن چکے ہیں۔

اس کے علاوہ ارجنٹینا، آرمینیا، آذربائیجان، بیلاروس، ہنگری، کوسوو، مراکش اور ویتنام نے بھی غزہ بورڈ آف پیس میں شمولیت کا اعلان کیا ہے۔

مزید برآں ڈیووس میں خطاب کے دوران روسی صدر ولادیمیر پیوٹن نے غزہ بورڈ آف پیس میں شمولیت کی دعوت پر صدر ٹرمپ کا شکریہ ادا کرتے ہوئے کہا کہ روس ایک ارب ڈالر فراہم کرنے کے لیے تیار ہے اور عالمی استحکام کے لیے ہر ممکن تعاون جاری رکھے گا۔

Back to top button