ٹرمپ کی غزہ پیس بورڈ میں شمولیت کی دعوت سنہری موقع ہے،وزیردفاع

وزیر دفاع خواجہ آصف نے کہا ہے کہ امریکی صدر کی جانب سے غزہ پیس بورڈ میں شمولیت کی دعوت اچھی بات ہے، اللہ نے پاکستان کو ایک سنہری موقع فراہم کیا ہے۔

خواجہ آصف کا پارلیمنٹ ہاؤس میں میڈیا سے گفتگو کرتے ہوئےکہنا تھا کہ کہ امریکی صدر ڈونلڈ ٹرمپ کی جانب سے وزیراعظم شہباز شریف کو غزہ پیس بورڈ میں شامل ہونے کی دعوت خوش آئند ہے۔غزہ کے مستقبل سے متعلق جو بھی روڈ میپ تشکیل دیا جائے گا، اس میں پاکستان کلیدی کردار ادا کر سکتا ہے۔

وزیر دفاع کا کہنا تھا کہ فلسطین کے مسئلے پر 2 ریاستی حل پر عالمی سطح پر اتفاق رائے موجود ہے اور یہ موقع پاکستان کو فراہم کرتا ہے کہ وہ فلسطینی عوام کی آزادی، حقوق اور نجات کے لیے مضبوط آواز بلند کرے۔ انہوں نے کہا کہ وزیراعظم پاکستان اس معاملے پر بھرپور مؤقف اختیار کریں گے۔

پاکستان کی جانب سے فوج بھیجنے سے متعلق سوال پر خواجہ آصف نے کہا کہ اس حوالے سے فی الحال کوئی تبصرہ کرنا قبل از وقت ہوگا۔

ایران کے بارے میں گفتگو کرتے ہوئے وزیر دفاع نے کہا کہ ایران پاکستان کا ہمسایہ اور برادر ملک ہے اور دونوں ممالک کے تعلقات قابلِ رشک ہیں۔

ان کے مطابق ایران کے عزائم کسی کے لیے خطرہ نہیں اور پاکستان کی حمایت اس بات پر مبنی ہے کہ ایران کو محفوظ رہنا چاہیے، اسرائیل ایسا ملک ہے جس سے خطے کے متعدد ممالک کو خطرات لاحق ہیں۔

 

 

Back to top button