ٹرمپ کا روس کو یوکرین جنگ 50دن میں ختم کرنےکاالٹی میٹم

امریکی صدر ڈونلڈ ٹرمپ نےروس کو یوکرین جنگ 50 دن میں ختم کرنے کا الٹی میٹم دیتے ہوئے نئی پابندیوں کی دھمکی دیدی۔
امریکی صدر ڈونلڈ ٹرمپ نے روس کو خبردار کیا ہے کہ اگر اس نے یوکرین جنگ آئندہ 50 دنوں میں ختم نہ کی تو اسے نئی اور سخت ترین اقتصادی پابندیوں کا سامنا کرنا پڑے گا۔ انہوں نے کیف کے لیے ہتھیاروں کی نئی فراہمی کے منصوبوں کا بھی اعلان کیا ہے۔
وائٹ ہاؤس میں نیٹو کے سیکریٹری جنرل مارک روٹے کے ساتھ ملاقات کے دوران صحافیوں سے گفتگو کرتے ہوئے صدر ٹرمپ نے کہا: "ہم روس سے بہت زیادہ ناخوش ہیں۔”
صدر ٹرمپ نے مزید کہا کہ اگر 50 دنوں میں کوئی امن معاہدہ نہ ہوا تو امریکہ روس پر تقریباً 100 فیصد ٹیرف عائد کرے گا۔ ان کے مطابق یہ "ثانوی ٹیرف” ہوں گے، جن کا ہدف روس کے وہ تجارتی شراکت دار ہوں گے جو اب تک مغربی پابندیوں سے بچ نکلنے میں کامیاب رہے ہیں۔
انہوں نے واضح کیا کہ ان اقدامات کا مقصد روسی معیشت کو عالمی سطح پر مکمل طور پر تنہا کرنا اور ماسکو پر دباؤ بڑھانا ہے تاکہ جنگ کا خاتمہ ممکن بنایا جا سکے۔
