وزیر اعظم سے ترکیہ اور مصر کے وزرائےخارجہ کی ملاقات

وزیراعظم شہبازشریف سےترکیہ کے وزیرِ خارجہ حاقان فدان اور مصر کے وزیرِ خارجہ ڈاکٹر بدر بن عبد العاطی کی ملاقات ،خطے کی کشیدگی پرتبادلہ خیال کیاگیا۔
اسلام آباد میں آج مشرق وسطیٰ میں امن قائم کرنے کے لیے پاکستان میں وزرائے خارجہ کا اجلاس منعقد ہوا۔
ترکیہ کے وزیرِ خارجہ حاقان فدان اور مصر کے وزیرِ خارجہ ڈاکٹر بدر بن عبد العاطی وزیرِ اعظم ہاؤس پہنچے، جہاں وزیر اعظم کے معاون خصوصی برائے امور خارجہ سید طارق فاطمی نے ان کا پرتپاک استقبال کیا۔
وزیراعظم محمد شہباز شریف نے اپنے دفتر میں ترکی اور مصر کے وزرا خارجہ کا خیرمقدم کیا اور ملاقات کا آغاز کیا۔ اس ملاقات میں نائب وزیر اعظم و وزیر خارجہ سینیٹر محمد اسحاق ڈار اور مشیر برائے قومی سلامتی و ڈی جی آئی ایس آئی لیفٹننٹ جنرل محمد عاصم ملک بھی شریک ہوئے۔
ذرائع کے مطابق ملاقات کا مقصد خطے کی بدلتی ہوئی صورتحال پر تفصیلی تبادلہ خیال کرنا اور باہمی دلچسپی کے امور میں تعاون کو مزید مضبوط بنانا ہے۔ اس اجلاس میں خطے میں امن و استحکام کے لیے پاکستان کی کوششوں اور بین الاقوامی سطح پر سفارتی رابطوں پر بھی غور کیا جائے گا۔
یہ ملاقات پاکستان کی مشرق وسطیٰ میں اہم سفارتی حیثیت اور خطے کے ممالک کے ساتھ قریبی تعلقات کو اجاگر کرتی ہے۔
