تر کیہ کے وزیر خارجہ اور وزیر دفاع کی پاکستان آمد ، اہم ملاقاتیں متوقع

ترکیہ کے وزیر خارجہ حکان فدان اور وزیر دفاع یشار گلر بدھ کی صبح سرکاری دورے پر اسلام آباد پہنچے، جہاں وہ پاکستانی حکام سے اہم ملاقاتوں میں دوطرفہ تعلقات اور باہمی تعاون کے امور پر تبادلہ خیال کریں گے۔

دفتر خارجہ کے مطابق، ترک وزرا کا استقبال وزارت خارجہ کے ایڈیشنل سیکریٹری برائے مغربی ایشیا، سفیر سید علی اسد گیلانی نے کیا۔

ایک سرکاری اعلامیے میں دفتر خارجہ نے کہا ہے کہ "ترک وزرا کے سرکاری دورے کے دوران دونوں ممالک باہمی دلچسپی کے تمام اہم شعبوں پر تفصیلی مشاورت کریں گے۔ یہ دورہ پاکستان اور ترکیہ کے درمیان قریبی، دوستانہ اور برادرانہ تعلقات کا مظہر ہے، جو مشترکہ تاریخ، ثقافت اور باہمی اعتماد پر قائم ہیں۔”

پاکستان اور ترکیہ کے تعلقات مذہبی، ثقافتی، تاریخی اور باہمی احترام کی مضبوط بنیادوں پر استوار ہیں۔

گزشتہ روز (منگل کو)، پاکستان نے عراق میں ’کلا لاک آپریشن‘ کے دوران میتھین گیس کے اخراج سے دم گھٹنے کے واقعے میں 12 ترک فوجیوں کی شہادت پر گہرے دکھ اور افسوس کا اظہار کیا۔ دفتر خارجہ نے اپنے تعزیتی بیان میں کہا:
"ہم شہدا کے درجات کی بلندی کے لیے دعا گو ہیں اور لواحقین سے دلی ہمدردی کا اظہار کرتے ہیں۔”

پاک بھارت جنگ بندی : بھارت کا انکار جھوٹا اور گمراہ کن ہے، امریکی محکمہ خارجہ

 

یاد رہے کہ گزشتہ ہفتے آذربائیجان کے شہر خانکندی میں اقتصادی تعاون تنظیم (ECO) کے سربراہی اجلاس کے موقع پر ترک صدر رجب طیب اردوان اور وزیر اعظم شہباز شریف کی ملاقات ہوئی تھی، جس میں دوطرفہ تعلقات کو مزید مضبوط بنانے پر اتفاق کیا گیا۔

دونوں رہنماؤں نے تجارت، توانائی، دفاع، رابطہ کاری اور سرمایہ کاری کے شعبوں میں تعاون کو مزید فروغ دینے کے عزم کا اظہار کیا، جبکہ وزیر اعظم نے خطے میں امن، استحکام اور پائیدار ترقی کے لیے ترکیہ کے ساتھ قریبی شراکت داری جاری رکھنے کے عزم کو دہرایا۔

اس سے قبل فروری میں بھی ترک صدر رجب طیب اردوان نے پاکستان کا دورہ کیا تھا، جس دوران دونوں ممالک نے دوطرفہ تجارتی حجم کو 5 ارب ڈالر تک بڑھانے کے ہدف کا اعادہ کیا تھا۔

Back to top button