وزیراعظم سےترک وزراکی ملاقات،برادرانہ تعلقات کومضبوط بنانے پراتفاق

وزیراعظم شہباز شریف نے ترک وزرا کی ملاقات میں برادرانہ تعلقات کومضبوط بنانے پراتفاق ہوا۔
شہبازشریف نے ترکیہ کے وزیر خارجہ ہاکان فیدان اور وزیر دفاع یاسر گلر سے ملاقات میں پاکستان اور ترکیہ کے درمیان برادرانہ تعلقات کو اسٹریٹجک شراکت داری میں تبدیل کرنے کے عزم کا اعادہ کیا۔
ملاقات میں علاقائی و عالمی صورتِ حال خصوصاً غزہ اور ایران کے تناظر میں دونوں ممالک کے درمیان قریبی رابطوں کی ضرورت پر زور دیا گیا۔
نائب وزیراعظم و وزیر خارجہ اسحاق ڈار، وزیر دفاع خواجہ آصف، آرمی چیف جنرل عاصم منیر، قومی سلامتی کے مشیر لیفٹیننٹ جنرل (ر) محمد عاصم ملک اور دیگر اعلیٰ حکام بھی شریک تھے۔
وزیراعظم نے ترک وفد کا خیرمقدم کرتے ہوئے کہا کہ پاکستان اور ترکیہ کے دیرینہ تعلقات باہمی احترام، مشترکہ تاریخ اور ثقافت پر استوار ہیں۔ انہوں نے دوطرفہ تعلقات میں ہونے والی پیش رفت پر اطمینان کا اظہار کرتے ہوئے تجارت، سرمایہ کاری، ٹیکنالوجی اور دفاع سمیت مختلف شعبوں میں تعاون بڑھانے کے عزم کا اعادہ کیا۔
انہوں نے اس سال ترکیہ کے صدر رجب طیب اردوان کے ساتھ مختلف مواقع پر ہونے والی ملاقاتوں، بشمول 17ویں ای سی او سربراہی اجلاس میں حالیہ ملاقات کا حوالہ دیتے ہوئے اسٹریٹجک شراکت داری کے وژن کی اہمیت کو اجاگر کیا۔
وزیراعظم نے اس بات کا خیرمقدم کیا کہ نائب وزیراعظم اسحاق ڈار اور ترک وزیر خارجہ ہاکان فیدان کی مشترکہ صدارت میں پاک-ترک مشترکہ کمیشن کا اجلاس منعقد ہوا، اور امید ظاہر کی کہ اس سے دوطرفہ تعاون کو مزید فروغ ملے گا۔
انہوں نے واضح کیا کہ پاکستان اور ترکیہ ایک دوسرے کے بنیادی مفادات کی بھرپور اور مستقل حمایت جاری رکھیں گے۔ خطے میں تیزی سے بدلتے ہوئے حالات، خاص طور پر غزہ اور ایران کی صورت حال کے تناظر میں، وزیراعظم نے قریبی رابطے اور مشاورت کی ضرورت پر زور دیا۔
وزیراعظم نے بھارت کے ساتھ حالیہ تنازعے کے دوران ترکیہ کی غیر متزلزل حمایت پر ترک قیادت اور عوام کا شکریہ ادا کیا۔
انہوں نے 5 ارب ڈالر کے باہمی تجارتی ہدف کو حاصل کرنے کے لیے عملی اقدامات پر زور دیا اور پاکستان کی سرمایہ کار دوست پالیسیوں کو اجاگر کرتے ہوئے ترک کمپنیوں کو پاکستان میں سرمایہ کاری بڑھانے کی دعوت دی۔ ساتھ ہی ترکیہ کو پاکستان کی ساختی اصلاحات اور اقتصادی ترقی میں اشتراک کی پیشکش بھی کی۔
