پچیس برس بعد مادھوری کی سکرین پر شاندار واپسی

بولی وڈ کی ’ڈانسنگ گرل‘ کہلانے والی بالی ووڈ سپر سٹار
مادھوری ڈکشٹ نے 25 برس بعد اسکرین پر واپس آ کر اپنی پہلی ویب سیریز ’دی فیم گیم‘ سے ایک مرتبہ پھر دھوم مچا دی ہے۔
دی فیم گیم نامی ویب سیریز میں مادھوری اپنے ماضی کے ہیرو سنجے کپور کی بیوی بنی ہیں لیکن دونوں ایک دوسرے سے نفرت کرتے ہیں۔ ویب سیریز کی کہانی کے مطابق مادھوری اپنی ٹکر کے ایک کامیاب ہیرو سے شادی کرنا چاہتی تھیں لیکن ان کی والدہ نے انہیں سنجے کپور کے پلے باندھ دیا جن سے ان کا ایک بیٹا اور ایک بیٹی پیدا ہوئی۔
’دی فیم گیم‘ کو 25 فروری کو نیٹ فلیکس پر ریلیز کیا گیا تو شائقین کی ایک بڑی تعداد نے مادھوری کی اتنے برسوں بعد واپسی پر شاندار اداکاری کی بھرپور تعریف کی۔ تاہم ’دی فیم گیم‘ کی عجیب و غریب کہانی پر اعتراض بھی کیا جا رہا ہے۔ ’دی فیم گیم‘ کے پہلے سیزن کی تمام 8 قسطیں دیکھنے والے شائقین ویب سیریز کے کلائمکس پر نالاں دکھائی دیے۔ شائقین کے مطابق ویب سیریز کے آخری لمحات میں اچانک واضح کردیا جاتا ہے مادھوری ڈکشٹ کے اغوا اور گمشدگی کے پیچھے کس کا ہاتھ ہے، جس سے کہانی بے مزہ ہو جاتی ہے۔ یاد رہے کہ اس فلم میں مادھوری کے بیٹے کو ہم جنس پرست دکھایا گیا ہے جب کہ ان کی بیٹی اپنی والدہ کی طرح طرح ایکٹریس بننے کے چکر میں اپنی ماں کے ہی خلاف ہو جاتی ہے۔
بتایا گیا ہے کہ ’دی فیم گیم‘ کا پہلا نام ’فائنڈنگ انامیکا‘ رکھا گیا تھا، انامیکا دراصل فلم میں مادھوری کا نام ہے جنکے لاپتہ ہونے کے بعد تلاش کے گرد ہی ساری سیریز کی کہانی گھومتی ہے۔ ویب سیریز کی کہانی پرتعیش اور بولڈ زندگی گزارنے والی ’سپر اسٹار‘ اداکارہ انامیکا آنند کی زندگی کے متعلق ہے جس کا خاوند اس پر اکثر تشدد کرتا ہے اور اسی کے پیسے پر پلتا ہے۔
کہانی کے مطابق انامیکا آنند یعنی مادھوری ڈکشت ایک ایوارڈ شو سے واپسی کے بعد اچانک لاپتہ ہوجاتی ہیں، انامیکا کی تلاش کے دوران کئی نئے موڑ سامنے آتے ہیں۔ تاہم اس سیریز کے پہلے سیزن کی آٹھویں اور آخری قسط دیکھنے کے بعد ایک تشنگی رہ جاتی ہے جس پر شائقین خوش نہیں۔ ’دی فیم گیم‘ کی ہدایات کرشما کوہلی اور بجوئے نامبیار نے دی ہیں، اسے کرن جوہر نے پروڈیوس کیا ہے۔
یاد رہے کہ سنجے کپور اور مادھوری ڈکشٹ نے آخری بار 1997 کی مشہور رومانوی فلم ’محبت‘ میں ایک ساتھ دکھائی دیے تھے، اس سے قبل ان کی فلم ’راجا‘ سپر ہٹ ہوئی تھی۔ اگرچہ سنجے کپور پہلے ہی ڈیجیٹل ویب سیریز اور فلموں میں کام کر چکے ہیں، تاہم مادھوری ڈکشٹ ’دی فیم گیم‘ کے ذریعے ڈیجیٹل پہلی بار دنیا میں داخل ہوئی ہیں۔ اس ویب سیریز سے قبل مادھوری ڈکشٹ کی آخری فلم 2019 میں ’کلنک‘ ریلیز ہوئی تھی، اس سے قبل بھی وہ فلموں میں دکھائی دیتی رہی ہیں۔ تاہم وہ کسی ویب سیریز میں پہلی مرتبہ جلوہ افروز ہوئی ہیں۔
