ٹانک اور شمالی وزیرستان سے پولیو کے دو نئے کیسز رپورٹ

خیبرپختونخوا کے دو اضلاع، ٹانک اور شمالی وزیرستان سے بیک وقت پولیو کے دو نئے کیسز سامنے آئے ہیں۔

نیشنل انسٹیٹیوٹ آف ہیلتھ اسلام آباد میں قائم ریجنل ریفرنس لیبارٹری نے ان کیسز کی تصدیق کی ہے۔ ضلع ٹانک کی یونین کونسل مولازئی میں 16 ماہ کی ایک بچی اور ضلع شمالی وزیرستان کی یونین کونسل میران شاہ میں دو سالہ بچی میں پولیو وائرس پایا گیا۔

اس طرح صوبے میں رواں سال پولیو کیسز کی مجموعی تعداد 15 ہوگئی ہے۔ ان میں ضلع بنوں، لکی مروت، ٹانک اور شمالی وزیرستان سے تین، تین کیسز جبکہ تورغر، ڈیرہ اسماعیل خان اور کوہستان لوئر سے ایک، ایک کیس شامل ہے۔

ملک بھر میں پولیو کیسز کی تعداد اب بڑھ کر 23 تک جا پہنچی ہے، جن میں سب سے زیادہ 15 کیسز خیبرپختونخوا سے رپورٹ ہوئے ہیں۔ سندھ سے 6 جبکہ پنجاب اور گلگت بلتستان سے ایک، ایک کیس سامنے آیا ہے۔

دوسری جانب پشاور میں پانچ روزہ انسداد پولیو مہم یکم ستمبر سے شروع ہوگی۔

Back to top button