انڈر 19 ایشیا کپ فائنل: پاکستانی بولرز نے بھارت کے چھکے چھڑادیے، 82 رنز پر 6 کھلاڑی آؤٹ

ایشین کرکٹ کونسل (اے سی سی) انڈر 19 ایشیا کپ کے فائنل میں پاکستان نے بھارت کو جیت کے لیے 348 رنز کا ہدف دے دیا۔

پاکستان نے مقررہ 50 اوورز میں 8 وکٹوں کے نقصان پر 347 رنز سکور کیے۔

بھارت کے خلاف سمیر منہاس نے شاندار بیٹنگ کا مظاہرہ کرتے ہوئے 17 چوکوں اور 9 چھکوں کی مدد سے دھواں دار 172 رنز کی اننگز کھیلی۔ انہوں نے 103 رنز محض 71 گیندوں پر مکمل کیے، جبکہ وہ ٹورنامنٹ کے ٹاپ اسکورر بھی ہیں۔

دیگر کھلاڑیوں میں احمد حسین نے 56، عثمان خان نے 35، کپتان فرحان یوسف نے 19 اور حمزہ ظہور نے 18 رنز بنائے۔ محمد صیام 13 اور نقاب شفیق 12 رنز کے ساتھ ناٹ آؤٹ رہے۔

بھارت کی جانب سے دپیش دیوندرن نے 3 جبکہ کھیلان پٹیل اور ہینل پٹیل نے 2، 2 وکٹیں حاصل کیں۔

میچ سے قبل بھارت نے ٹاس جیت کر پاکستان کے خلاف پہلے فیلڈنگ کا فیصلہ کیا تھا۔

انڈر 19 ایشیا کپ کے فائنل میں پاکستان کے بولرز نے بھارت کی بیٹنگ لائن پر کڑا پریشر ڈالا اور 82 رنز پر 6 کھلاڑی آؤٹ کر دیے۔

بیٹنگ کے بعد بولرز نے شاندار کھیل پیش کرتے ہوئے بھارت کو مشکل صورتحال میں ڈال دیا۔ ابتدائی 82 رنز پر بھارت کی 6 وکٹیں گرنے کے بعد گرین شرٹس کے بولرز نے میچ پر واضح برتری حاصل کر لی ہے۔

پاکستانی بولرز کی یہ کارکردگی فائنل میں ٹیم کی جیت کے امکانات کو مزید بڑھا رہی ہے۔

فائنل سے قبل گرین شرٹس کے کپتان فرحان یوسف نے کہا تھا کہ ٹیم مکمل طور پر تیار ہے، بھرپور فائٹ کریں گے اور ٹائٹل جیتنے کی کوشش کریں گے۔

یاد رہے کہ پاکستان دو مرتبہ آئی سی سی انڈر 19 ورلڈ کپ کا ٹائٹل جیت چکا ہے، تاہم اب تک انڈر 19 ایشیا کپ کا فاتح نہیں بن سکا۔ 2012 کے انڈر 19 ایشیا کپ میں پاکستان اور بھارت مشترکہ طور پر چیمپئن قرار پائے تھے۔

Back to top button