انڈر 19 ایشیا کپ فائنل: بھارت کو عبرتناک شکست، پاکستان چیمپئن بن گیا

ایشین کرکٹ کونسل انڈر 19 ایشیا کپ کے فائنل میں پاکستان بھارت کو عبرتناک شکست دے کر چیمپئن بن گیا۔
دبئی میں کھیلے گئے میچ میں پاکستان کے 348 رنز کے تعاقب میں بھارت کی بیٹنگ لائن بری طرح ناکام ثابت ہوئی اور پوری ٹیم 26.2 اوورز میں 156 رنز پر ڈھیر ہوگئی۔
بھارت کی جانب سے دیپیش دیویندرن 36 رنز کیساتھ نمایاں رہے، سوریا ونشی 26، ارون پٹیل 19، ارون جارج 16 رنز بنا کر چلتے بنے جبکہ کنشک چوہان اور ویدانت چوہان 9، 9 رنز کے مہمان ثابت ہوئے۔
پاکستان کی طرف سے علی رضا نے 4، محمد صیام، عبد السبحان اور حذیفہ احسن نے 2، 2 وکٹیں حاصل کیں۔
میچ میں پاکستان نے مقررہ 50 اوورز میں 8 وکٹوں کے نقصان پر 347 رنز بنائے، پاکستان کی طرف سے اوپنر سمیر منہاس نے 172 رنز کی طوفانی اننگز کھیلی، احمد حسین 56 اور عثمان خان 35 رنز کے ساتھ نمایاں رہے۔بھارت کے خلاف سمیر منہاس نے 17 چوکے اور 9 چھکوں کی مدد سے دھواں دھار 172 رنز کی اننگز کھیلی، انہوں نے 103 رنز محض 71 گیندوں پر بنائے، سمیر اس ٹورنامنٹ کے ٹاپ سکورر ہیں۔اس کے علاوہ احمد حسین نے 56، عثمان خان نے 35، کپتان فرحان یوسف نے 19 اور حمزہ ظہور نے 18رنز بنائے۔ محمد صیام 13 اور نقاب شفیق 12رنز کے ساتھ ناٹ آؤٹ رہے۔
بھارت کی جانب سے دپیش دیویندرن نے 3، کھلان پٹیل اور ہنیل پٹیل نے 2، 2 اور کانیشک چوہان نے ایک وکٹ حاصل کی۔
قبل ازیں بھارت نے پاکستان کے خلاف ٹاس جیت کر پہلے فیلڈنگ کا فیصلہ کیا تھا۔
یاد رہے کہ پاکستان کی انڈر 19 ٹیم دو مرتبہ آئی سی سی انڈر 19 ورلڈ کپ کا ٹائٹل جیت چکی ہے، تاہم اب تک انڈر 19 ایشیا کپ اپنے نام نہیں کر سکی تھی۔
2012 کے انڈر 19 ایشیا کپ میں پاکستان اور بھارت کو مشترکہ طور پر چیمپئن قرار دیا گیا تھا۔
