نواز شریف اور مریم نواز سے یو اے ای کے سفیر کی ملاقات، دوطرفہ تعاون کے فروغ پر اتفاق

مسلم لیگ (ن) کے صدر میاں محمد نواز شریف اور وزیراعلیٰ پنجاب مریم نواز سے متحدہ عرب امارات (یو اے ای) کے سفیر نے لاہور میں ملاقات کی، جس میں دوطرفہ تعاون کو مزید وسعت دینے اور تعلقات کو نئی بلندیوں تک لے جانے پر اتفاق کیا گیا۔
ملاقات کے دوران نواز شریف اور مریم نواز نے یو اے ای کے سفیر کا پرتپاک اور پرخلوص استقبال کیا۔ اس موقع پر میاں نواز شریف نے گفتگو کرتے ہوئے کہا کہ پاکستان اور متحدہ عرب امارات کے تعلقات صرف سفارتی نوعیت کے نہیں بلکہ یہ دلوں میں بسے ہوئے رشتے کی حیثیت رکھتے ہیں۔ انہوں نے کہا کہ دونوں ممالک کا رشتہ ہر آزمائش میں سرخرو رہا ہے۔
ایرانی صدر مسعود پزشکیان کل دو روزہ دورے پر پاکستان پہنچیں گے
وزیراعلیٰ پنجاب مریم نواز نے کہا کہ پاکستان بالخصوص پنجاب، یو اے ای کے ساتھ تعلیم، تحقیق اور ماحولیات کے شعبوں میں اشتراک عمل کو مزید وسعت دینے کا خواہاں ہے۔ انہوں نے پاکستان اور یو اے ای کے درمیان سرکاری و سفارتی پاسپورٹ رکھنے والوں کو ویزا فری انٹری کی اجازت کو ایک مثبت قدم قرار دیا۔
انہوں نے مزید کہا کہ پنجاب میں تعلیم، صحت، انفراسٹرکچر اور قابل تجدید توانائی کے شعبوں میں نمایاں بہتری لائی گئی ہے، اور صوبہ اب سرمایہ کاری کے لیے ایک بزنس فرینڈلی ماحول فراہم کر رہا ہے۔
