یواے ای کے صدر شیخ محمد بن زاید النہیان پاکستان پہنچ گئے

وزیراعظم شہباز شریف کی دعوت پر متحدہ عرب امارات کے صدر شیخ محمد بن زاید النہیان پاکستان پہنچ گئے ہیں۔

پاکستانی فضائی حدود میں داخل ہوتے ہی پاک فضائیہ کے لڑاکا طیاروں نے یو اے ای صدر کے طیارے کو حصار میں لے کر فضائی سلامی پیش کی۔

ترجمان دفتر خارجہ کے مطابق صدر متحدہ عرب امارات کے ہمراہ وزرا اور سینئر حکام پر مشتمل ایک اعلیٰ سطحی وفد بھی پاکستان آیا ہے۔ دورے کے دوران دونوں ممالک کے درمیان دو طرفہ تعلقات، علاقائی صورتحال اور عالمی سطح پر باہمی دلچسپی کے امور پر تفصیلی تبادلہ خیال کیا جائے گا۔

ترجمان کا کہنا ہے کہ صدر شیخ محمد بن زاید النہیان کا دورہ پاکستان دونوں ممالک کے درمیان دیرینہ اور برادرانہ تعلقات کی عکاسی کرتا ہے۔ اس دورے سے تجارت، سرمایہ کاری، توانائی، ترقی اور علاقائی استحکام کے شعبوں میں تعاون کو مزید فروغ ملنے کی توقع ہے۔

معزز مہمان کی صدر مملکت آصف علی زرداری، وزیراعظم شہباز شریف اور دیگر اعلیٰ شخصیات سے ملاقاتیں شیڈول ہیں۔

صدر متحدہ عرب امارات کے دورہ پاکستان کے پیش نظر اسلام آباد میں تعطیل کا اعلان کیا گیا ہے۔ اسلام آباد ہائیکورٹ نے بھی آج چھٹی کا اعلان کر دیا ہے۔ رجسٹرار اسلام آباد ہائیکورٹ کے نوٹیفکیشن کے مطابق اسلام آباد ہائیکورٹ اور اسلام آباد ڈسٹرکٹ کورٹس 26 دسمبر کو بند رہیں گی۔

 

Back to top button