یوکرین میں پیدا ہونے والی سلمان تاثیر کی بہو حملے پر پریشان

ستمبر 2021 میں سابق گورنر پنجاب سلمان تاثیر کے بیٹے شہباز تاثیر سے شادی کرنے والی یوکرینین نژاد ماڈل نیہا تاثیر نے یوکرین میں پھنسے اپنے اہل خانہ کی خیریت کے لیے مداحوں سے دعا کی اپیل کی ہے۔
یاد رہے کہ شہباز تاثیر نے طالبان کے ہاتھوں اغوا کے بعد واپسی پر اپنی پہلی بیوی سے طلاق ملنے کے بعد نیہا سے شادی کرلی تھی۔ نیہا نے انسٹاگرام اسٹوریز میں یوکرین پر روسی حملے سے متعلق پوسٹ کرتے ہوئے وہاں پھنس جانے والے اپنے خاندان کی خیر و آفیت کے لیے مداحوں سے دعا کی اپیل کی ہے۔
نیہا تاثیر نے ستمبر 2021 میں شہباز تاثیر سے شادی کی تھی، ان کی پیدائش یوکرین میں ہی ہوئی تھی۔ نیہا نے 2016 میں اداکاری کا آغاز کیا، اس سے قبل وہ ماڈلنگ کرتی تھیں، ان کی پرورش بھی یوکرین میں ہی ہوئی، کیوں کہ ان کی والدہ کا تعلق وہیں سے ہے۔ نیہا کے والد کا تعلق لاہور سے ہے اور انہوں نے پاکستان منتقل ہونے کے بعد ماڈلنگ کا آغاز کیا تھا۔
اب میں عامر لیاقت کی بیوی نہیں، کسی سے بھی شادی کر سکتی ہوں
نیہا تاثیر نے اپنی انسٹا گرام سٹوری میں لکھا کہ گزشتہ کچھ روز سے وہ بہت زیادہ پریشانی اور تشویش کا شکار ہیں اور وہ اپنی تکلیف اور درد بیان نہیں کر سکتیں۔ انہوں نے یوکرین کے حالات پر اپنی ذہنی، جذباتی اور دلی حالت کو بیان نہ کر پانے کا اظہار کرتے ہوئے مداحوں سے گزارش کی کہ وہ ان کے خاندان کی خیریت کے لیے دعا کریں۔ نیہا تاثیر نے لکھا کہ ان کے خاندان کے افراد اپنی زندگی بچانے کے لیے یوکرین میں جنگ لڑ رہے ہیں۔
انہوں نے یوکرین کی حالت اور وہاں اپنے خاندان کے پھنس جانے پر خود کو بے بس قرار دیا اور لکھا کہ وہ حالات پر تبصرہ کرنے سے بھی قاصر ہیں۔ انہوں نے جنگ ختم ہونے اور دنیا میں امن بحال ہونے کی دعا بھی کی اور لکھا کہ دعا کریں کہ ان کے خاندان والے خوش اور خیریت سے ہوں۔ انہوں نے انسٹاگرام اسٹوریز میں یوکرین میں جنگ لگنے کے بعد وہاں بچوں، خواتین اور بزرگ افراد کو پیش آنے والی مشکلات کی ویڈیوز بھی شیئر کیں اور یوکرینی لوگوں کی مدد کرنے سے متعلق پوسٹ بھی شیئر کی۔
خیال رہے کہ یوکرین پر روس نے 24 فروری سے حملوں کا آغاز کیا تھا اور 26 فروری تک روس کی فوج نے دارالحکومت کیف تک رسائی کرلی تھی اور وہاں پر گلیوں میں روسی فوج اور یوکرینی عوام آمنے سامنے تھے۔ یوکرینی حکومت نے 26 فروری کو بتایا تھا کہ 24 فروری سے روسی حملوں میں 3 بچوں سمیت 198 افراد ہلاک، 33 بچوں سمیت ایک ہزار 115 زخمی ہوئے تھے۔
