چیف جسٹس سے اقوام متحدہ کے وفد کی ملاقات،نظام انصاف پرتبادلہ خیال

چیف جسٹس یحییٰ آفریدی سے اقوام متحدہ کے وفد کی اہم ملاقات،نظام انصاف میں اصلاحات پرتبادلہ خیال کیاگیا۔

رپورٹس کے مطابق چیف جسٹس آف پاکستان یحییٰ آفریدی سے اقوامِ متحدہ کے ریزیڈنٹ کوآرڈینیٹر برائے پاکستان محمد یحییٰ سے ملاقات کی۔

ملاقات میں اقوامِ متحدہ کے ترقیاتی پروگرام، یو این ویمن، یونیسف، اقوامِ متحدہ آفس آن ڈرگز اینڈ کرائم اور یو این ایف پی اے کے ملکی نمائندگان بھی شریک تھے۔

یہ ملاقات پاکستان کے نظامِ انصاف میں اصلاحاتی ترجیحات، حکمرانی، احتساب اور قانون کی حکمرانی پر عوامی اعتماد کو مزید مستحکم بنانے میں عدالتی اداروں کے کردار پر جامع تبادلہ خیال کا ذریعہ بنی۔

چیف جسٹس نے جاری اصلاحاتی اقدامات سے آگاہ کرتے ہوئے کہا کہ ان کا مقصد انصاف تک رسائی کو بہتر بنانا، اداروں کی کارکردگی میں اضافہ کرنا اور ایسا نظامِ انصاف تشکیل دینا ہے جو مؤثر، جامع اور شہریوں کی ضروریات سے ہم آہنگ ہو۔

چیف جسٹس نے گفتگو کے دوران اس امر پر زور دیا کہ نظامِ انصاف میں اصلاحات اور پائیدار ترقیاتی اہداف کے درمیان گہرا تعلق موجود ہے، کیونکہ یہ اہداف سب کے لیے انصاف تک رسائی اور مؤثر، جوابدہ اور شمولیتی اداروں کے قیام پر زور دیتے ہیں۔

ان کا کہنا تھا کہ مضبوط اور قابلِ اعتماد عدالتی نظام پائیدار ترقی اور جمہوری حکمرانی کی بنیاد ہے۔

انہوں نے پاکستان میں اقوامِ متحدہ کی مختلف ایجنسیوں کے تعمیری کردار کو سراہتے ہوئے کہا کہ یہ ادارے حکمرانی میں بہتری اور ادارہ جاتی مضبوطی کے لیے اہم معاونت فراہم کر رہے ہیں۔

 

Check Also
Close
Back to top button