انڈر 19 ایشیا کپ : پاکستان نے ملائیشیا کو 297 رنز سے شکست دے دی

انڈر 19 ایشیا کپ میں پاکستان نے ملائیشیا کو 297 رنز سے شکست دےکر فاتحانہ آغاز کردیا۔
دبئی میں کھیلے گروپ اے کے میچ میں ملائیشین ٹیم 346 رنز کےہدف کے تعاقب میں صرف 48 رنز پر ڈھیر ہوگئی۔ملائیشیا کا کوئی بھی کھلاڑی ڈبل فگرز میں داخل نہ ہوسکا،کپتان ڈیاز پیٹرو اور محمد اکرم 9،9 رنز بناکر ٹاپ سکورر رہے۔
ملائیشیا کے تین بلے باز بغیر کوئی رن بنائے آؤٹ ہوئے، پاکستان کی جانب سے علی رضا اور محمد صیام نے تین، تین جب کہ دانیال علی خان نے 2 اور نقاب شفیق نے ایک کھلاڑی کو آؤٹ کیا۔
قبل ازیں ملائیشیا نے ٹاس جیت کر پاکستان کو پہلے بیٹنگ کی دعوت دی تو پاکستانی بلے بازوں نے مقررہ 50 اوورز میں 3 وکٹوں کے نقصان پر 345 رنز بنائے۔
سمیر منہاس نے 148 گیندوں پر 177 رنز کی ناقابل شکست اننگ کھیلی،ان کی جارحانہ اننگ میں 8 چھکے اور 11 چوکے شامل تھے۔احمد حسین نے بھی سینچری سکور کرتے ہوئے 132 رنز بنائے،دونوں بلے بازوں نے تیسری وکٹ کےلیے ریکارڈ 293 رنز کی پارٹنر شپ قائم کی۔
ایونٹ میں پاکستان اپنا دوسرا میچ اتوار 14 دسمبر کو روایتی حریف بھارت کے خلاف کھیلے گا۔
