او آئی سی اجلاس پر متحدہ اپوزیشن کا مشترکہ اعلامیہ جاری

اسلامی تعاون تنظیم وزرائے خارجہ کونسل کے اسلام آباد میں ہونے والے 48ویں اجلاس پر متحدہ اپوزیشن نے مشترکہ اعلامیہ جاری کردیا ہے. میڈیا رپورٹس کے مطابق اپوزیشن اتحاد کے اعلامیہ میں کہا گیا ہے کہ اسلامی دنیا کے وزراء خارجہ، مندوبین، اور دیگر شخصیات کی آمد کا خیرمقدم کرتے ہیں. معزز مہمانوں کا پاکستان آنا ہمارے لیے باعث افتخار ہے.
اعلامیہ میں کہا گیا اپوزیشن جماعتیں او آئی سی مہمانوں کی موجودگی کے دوران خوشگوار ماحول کو برقرار رکھنے کے لیے اپنے کردار کو یقینی بنائیں گی. اعلامیہ میں کہا گیا ہے کہ متحدہ اپوزیشن ایسی فضا بنائے رکھے گی جس میں پاکستان آنے والے معزز مہمان اپنے امور پوری توجہ سے انجام دے سکیں. یہ بھی کہا گیا ہے کہ اسالمی تعاون تنظیم کے معزز مہمانوں کی عزت کے لیے متحدہ اپوزیشن نے لانگ مارچ کی تاریخوں میں تبدیلی کی ہے اور اپنے کارکنان کو 25 مارچ سے پہلے اسلام آباد نہ آنے کی ہدایت کر دی ہے.
اپوزیشن اتحاد کے مشترکہ اعلامیہ میں یہ موقف اختیار کیا گیا کہ پاکستان کے داخلی سیاسی حالات اور سیاسی کشمکش کو او آئی سی پر اثر انداز نہیں ہونے دیا جائے گا. اعلامیہ کے مطابق تمام سیاسی جماعتوں نے یہ امید ظاہر کی ہے کہ معزز مہمان اچھی یادیں لے کر وطن واپس تشریف لے کر جائیں گے.
