خیبرپختونخوا میں بدامنی،عمران خان نےگنڈاپور سےاستعفیٰ مانگ لیا

خیبرپختونخوا میں امن امان کی بگڑتی صورتحال پر بانی پی ٹی آئی عمران خان برہم،علی امین گنڈاپور سےاستعفیٰ مانگ لیا۔
اڈیالہ جیل راولپنڈی میں توشہ خانہ ٹو کیس کی سماعت کے دوران بانی پی ٹی آئی عمران خان نے صحافیوں اور وکلا سے گفتگو کی۔
بانی تحریک انصاف عمران خان نےخیبرپختونخوا میں بدامنی پروزیراعلیٰ علی امین گنڈاپور کوکھری کھری سناتے ہوئے کہا کہ علی امین گنڈا پور اگر صوبےمیں امن و امان قائم نہیں کرسکتے تو استعفیٰ دے دینا چاہیے، علی امین گنڈا پور اگر گورننس کے مسائل حل نہیں کرسکتا تو کسی اور کو موقع دینا چاہیے۔
عمران خان نے مشال یوسفزئی کے سینیٹر بننے پر علیمہ خان کے بیان کو غیر ضروری قرار دیا اور کہاکہ علیمہ خان کو سیاسی بات نہیں کرنی چاہیے۔
واضح رہے کہ عمران خان کی بہن علیمہ خان نے مشعال یوسفزئی کوتحریک انصاف کے ٹکٹ پر سینیٹرمنتخب ہونے پرسخت تنقید کانشانہ بناتے ہوئے کہنا تھا کہ مشعال یوسفزئی کا پی ٹی آئی کے ٹکٹ پر سینیٹر منتخب ہونا میرٹ کی خلاف ورزی ہے حق داروں کو نظر انداز کیا گیا، انصاف ہونا چاہیے تھا۔
علیمہ خان نے مشعال یوسفزئی کے سینیٹر منتخب ہونے پر تحفظات کا اظہار کرتے ہوئے اسے انصاف اور میرٹ کے اصولوں کے خلاف قرار دیا۔
علیمہ خان کا کہنا تھاکہ مشعال یوسفزئی کے علاوہ بھی کئی اہل افراد موجود تھے،سینیٹرز کا انتخاب میرٹ کی بنیاد پر ہونا چاہیے تھا۔
