اسلام آباد میں کرکٹ گراؤنڈز کی اپگریڈیشن: سی ڈی اے اور پی سی بی کے درمیان ایم او یو پر دستخط

سی ڈی اے اور پی سی بی کے درمیان اسلام آباد میں کرکٹ کے فروغ اور گراؤنڈز کی اپگریڈیشن سے متعلق مفاہمتی یادداشت پر دستخط ہو گئے۔
مفاہمتی یادداشت پر دستخط چیئرمین کیپیٹل ڈویلپمنٹ اتھارٹی (سی ڈی اے) و چیف کمشنر اسلام آباد محمد علی رندھاوا اور پاکستان کرکٹ بورڈ (پی سی بی) کے چیف آپریٹنگ آفیسر سمیر احمد کے درمیان ملاقات کے دوران ہوئے،جس میں سی ڈی اے کے ممبر ایڈمن طلعت محمود، ممبر انجینئرنگ سید نفاست رضا اور دیگر سینئر افسران بھی شریک تھے۔
ایم او یو کے تحت اسلام آباد میں نوجوان کھلاڑیوں کےلیے ٹیلنٹ ہنٹ پروگرام شروع کیا جائے گا، جس میں لڑکوں اور لڑکیوں دونوں کو یکساں مواقع فراہم کیے جائیں گے۔پروگرام کھلاڑیوں کی شفاف سلیکشن کے ساتھ بین الاقوامی معیار کی کوچنگ اور ٹریننگ کی فراہمی کو یقینی بنائے گا۔ پی سی بی اسلام آباد کے دو کرکٹ گراؤنڈز کی اپگریڈیشن میں بھی سی ڈی اے کی معاونت کرےگا۔
پی سی بی کے سی او او سمیر احمد نے کہا کہ اسلام آباد میں کرکٹ کے فروغ کےلیے سی ڈی اے کے ساتھ مکمل تعاون کےلیے تیار ہیں،جس سے نہ صرف کرکٹ کو فروغ ملے گا بلکہ نیا ٹیلنٹ بھی سامنے آئے گا۔
چیئرمین سی ڈی اے محمد علی رندھاوا نے کہاکہ اسلام آباد کو قومی و بین الاقوامی سطح پر کھیلوں کا مرکز بنانے کےلیے جامع اقدامات کیے جا رہے ہیں۔ انہوں نے بتایا کہ کرکٹ سمیت تمام کھیلوں کی سہولیات کی بہتری پر کام جاری ہے جبکہ خواتین کرکٹ کو فروغ دینے کےلیے اسلام آباد کی خواتین کرکٹ ٹیم بھی تشکیل دی جا رہی ہے۔
سی ڈی اے کاکہنا ہےکہ کرکٹ گراؤنڈز اور دیگر اسپورٹس سہولیات سے حاصل ہونے والی آمدن کھیلوں کی مزید بہتری پر خرچ کی جائے گی۔ ملاقات میں دونوں اداروں نے اسلام آباد میں صحت مندانہ سرگرمیوں کے فروغ کےلیے مشترکہ کاوشیں تیز کرنے کے عزم کا اظہار بھی کیا۔

